شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’فین‘‘ میں کام نہیں کر رہی پرینیتی چوپڑا

میرے نزدیک کردار سب سے اہم ہے ایسی کسی فلم میں کام نہیں کر سکتی جس میں مجھے ایک ’’شو پیس‘‘ کے طور پر دکھایا جارہا ہو


Showbiz Desk January 23, 2014
اچھی فلموں کی آفرز پر خوشی ہوتی ہے ،’’ہنسی تو پھنسی‘‘ کے گانوں پر بہترین پرفارمنس دکھائی ہے جو مداحوں کو پسند آئے گی۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئتے کہا ہے کہ منیش شرما کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم میں کام کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر کوئی مجھ سے اس فلم میں کام کرنے کے متعلق سوال کررہا ہے مگر اس سلسلہ میں شاہ رخ اور منیش شرما سے پوچھنا چاہیے ۔ یہ بات انھوں نے بھارتی ٹی وی کے رائیلٹی شو ڈانس انڈیا ڈانس کے سیٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وہ اس شو میں ساتھی اداکار سدھارتھ ملہوترا کے ہمراہ اپنی فلم ہنسی تو پھنسی کے گانے '' شیک اٹ لائیک شمی'' کو لانچ کرنے کے سلسلے میں شریک ہوئیں تھی ۔ اس موقع پر نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ خود کو ملنے والی فلموں سے بہت خوش نظر آرہی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت اچھا محسوس ہوتا ہے جب مجھے بہترین فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی جاتی ہے ۔ میں اس وقت ایسی ہی بہت سی فلموں میں کام کررہی ہوں ۔

پرینتی کا فلم ہنسی تو پھنسی میں گانوں کے متعلق سوال کے جواب پر کہنا تھا کہ جب یہ فلم بنائی جارہی تھی تو اس میں صرف دو یا تین گانے تھے جب کہ لو سانگ ان کے بعد بنائے گئے ہیں اور میں یہ جاننے کے لیے بہت بے تاب تھی کہ یہ گانے کیسے ہوں گے اور فلم میں کیسے ایڈجسٹ کیے جائیں گے جن کا مجھے عکس بند کروانے کے دوران معلوم ہوا کہ یہ سب بہترین ہیں میں ان گانوں کو اس وجہ سے بہترین اور خوبصورت نہیں کہہ رہی کہ یہ ہماری فلم کے گانے ہیں بلکہ یہ حقیقت میں دوسرے گانوں سے بہتر ہیں اور میں نے ان پر بہت اچھی طرح سے پرفارم کیا ہے جو مداحوں کو یقیناً پسند آئیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں پرینیتی نے کہا کہ میں عامر ، سلمان اور شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں اور اس کے لیے مجھے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔

 photo 1_zps187f9dfa.jpg

25 سالہ ادکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے نزدیک فلم میں کردار سب سے اہم ہوتا ہے اور میں جاندار کردار والی فلم میں کام کرنا پسند کرتی ہوں ایسی کسی بھی فلم میں کام نہیں کروں گی جس میں مجھے صرف ایک شوپیس کے طور پر دکھایا جائے ایک سوال کے جواب میں پرینیتی نے ان افواہوں کو بھی غلط قرار دیا کہ وہ اپنی کزن پریانکا چوپڑا کے دبائو ڈالنے پر فلموں میں کام کررہی ہے اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر کسی نے کوئی دبائو نہیں ڈالا بالی ووڈ میں اپنی مرضی سے کام کررہی ہوں میں نے زندگی کے لیے کچھ اور پلاننگ کی تھی مگر اتفاق سے شوبز میں آگئی ۔دریں اثنا پرینیتی چوپڑا جو ونیل میتھیو کی ہدایتکاری بنائی جانیوالی فلم میں ایک پاگل سائنسدان کا رول کررہی ہیں کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اس جیسی فلم پہلے کبھی بھی بڑی اسکرین پر نہیں دکھائی گئی ہے۔ فلم میں ایسی سائنسدان خاتون کا کردار ادا کررہی ہوں جو تھوڑی سے پاگل ہے اور یہ ایسا کردار ہے جو اسے پہلے کبھی بھی سینما اسکرین پر نہیں

دکھایا گیا ۔یہ فلم شائقین کو یقیناحیران کردے گی ۔سدھارتھ ملہوترا جو ''نکھل'' کا کردار ادا کررہے ہیں کا کہنا تھاکہ میرا اس کردار کے ساتھ ذاتی تعلق ہے جو بہت پرعزم اورغیر حقیقت پسندانہ ہے ۔نکھل ایک ایسا نوجوان ہے جو کچھ اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر تھوڑی الجھن کا شکار ہے کہ وہ کیا چاہتا ہے اور اس کا خاندان کی کیا خواہش ہے ۔میرے خیال میں یہ آج کے ہر نوجوان کے لیے ایک سچائی ہے جو اپنے والدین کی طرف سے اکثر دبائو کا شکار رہتے ہیں جیسے کہ میں ہوں کیوں کہ میری طرح کہ میری والدہ کی مجھے سے کچھ اور امیدیں ہیں جب کہ والد کے میرے متعلق دوسرے خیالات ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم کا کردار اپنی گرل فرینڈ کے لیے جو کچھ کرنا چاہتا ہے بہت دلچسپ ہے اور یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے میں کالج کے دنوں میں چاہتا تھا ۔

اطلاعات کے مطابق فلم میں ادا شرما بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں جب کہ فلمساز کرن جوہر نے بھی مختصر کردار میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔دھرما پروڈکشن کے بنائی جانیوالی اس فلم کو رواں برس سات فروری کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق پرینتی چوپڑا یش راج فلمز کے بینر تلے ''دعوت عشق'' میں کام کررہی ہیں جب کہ ادیتہ رائے ان کے ساتھ ہیرو کارول ادا کررہے ہیں یہ ادیتیہ کے ساتھ اس کی بطور ہیروئن دوسری فلم ہے اور اسے 9مئی کو سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا ۔جب کہ ایک اور فلم ''کل دل'' جس کی ہدایات شاد علی دے رہے ہیں اس فلم میں پرینیتی چوپڑا اداکار گووندا، اداکارہ رانی مکھر جی رنویر سنگھ اور پاکستانی اداکارو گلوکار علی ظفر کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں '' کل دل کو پانچ ستمبر کو ریلیز کرنے کااعلان کیا گیاہے ۔

مقبول خبریں