اسلام آباد:
چئیرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جو تاجر پوائنٹ آف سیل کا سسٹم لگانے کے متحمل نہیں ہوسکتے انہیں ریلیف دیا جائے گا اور کسی تاجر کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری کی قیادت میں وفد نے چیئرمین ایف بی آر راشد محمولنگڑیال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر آئی آر زبیر بلال اور دیگر بھی موجود تھے۔
کاشف چوہدری نے چیئرمین ایف بی آر کو تاجروں کو درپیش مسائل، ایف بی آر کےحکام کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے اور پوائنٹ آف سیل پر چھوٹے تاجروں کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ ہمارے تحفظات کے باوجود ملکی و غیر ملکی برانڈز، چین اسٹورز پر پوائنٹ آف سیل (POS) کے نفاذ کا عمل شروع کیا گیا، ان اداروں کے پاس کمپیوٹرائزڈ نظام، متبادل بجلی، تربیت یافتہ عملہ اور انتظامی ڈھانچہ موجودہے اس لیے ان کے لیے کسی حد تک اس نظام کو اپنانا ممکن ہے تاہم ان میں شامل نسبتاً چھوٹے کاروبار آج بھی عملی مشکلات سے دوچار ہیں، اس نظام کے نفاذ سے ان کاروباروں کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا، ڈاکومینٹیشن کے نام پر مداخلت، جرمانے اور دکانیں سیل کے اقدامات نے تاجروں میں خوف و بے یقینی کی فضا قائم کردی۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ ایف بی آر نے اب برانڈز، چین اسٹورز سے آگے بڑھتے ہوئے عام مارکیٹوں، دکانوں پر بھی یلغار کا انداز اختیار کرلیا، بڑی گاڑیوں کے قافلے، مارکیٹوں پر چھاپے ایک ایسے منظر کا تاثر ہیں جیسے کسی دشمن قوت کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہو، یہ طرزِ عمل تذلیل اور ذہنی اذیت کا ایک نیا سلسلہ ہے، پسند و ناپسند پر نوٹسز جاری ہورہے ہیں، بعض تاجروں سے معاملات طے کرکے چھوڑ دیا جاتا ہے اور طے نہ کرنے پر ہراساں، دکانیں سیل اور جرمانے کیے جاتے ہیں۔
تاجروں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، راشد لنگڑیال
چئیرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ انہوں نے کہا کہ کسی تاجر کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، تاجروں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، رشوت، کرپشن کی شکایات پر ایف بی آر عملے کو معطل کیا جائے گا، جو دکاندار پوائنٹ آف سیل کے متحمل نہیں ہو سکتے ان پر نہیں لگایا جائے گا، تاجر تنظیموں کی مشاورت اور اعتماد سے آگے بڑھیں گے۔