حکومت کی بداعمالی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آچکی ہے شہبازشریف

اگر ہم نے خود کو نہیں بدلا توخدانخواستہ ملک میں خونی انقلاب آسکتا ہے، شہبازشریف

اگر ہم نے خود کو نہیں بدلا توخدانخواستہ ملک میں خونی انقلاب آسکتا ہے، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی بداعمالی کی وجہ سےلوڈشیڈنگ دوبارہ آچکی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 میں 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوا کرتی تھی، ہم نے 2013 سے 18 تک لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کردیا تھا، لیکن موجودہ حکومت کے 3 سال میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوچکا ہے، ہم پر الزام لگایا گیا کہ کمیشن کھانے کیلئے (ن) لیگ نے اضافی بجلی پیدا کی، اگر بجلی فالتو پیدا کی گئی تھی تو اب آپ نئے منصوبےکیوں لگا رہےہیں؟، ہم نے اپنے دور میں سستے ترین پاور پلانٹس لگائے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پورا زور لگایا لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، شاہد خاقان اور احسن اقبال سمیت دیگر رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن کچھ ثابت نہیں کرسکے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شہباز شریف کا ایف آئی اے پر ہراساں کرنے کا الزام


شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے بجلی کے جو 4 منصوبے لگائے اس میں قوم کے 250 ارب روپے بچائے گئے، تمام منصوبوں کے فرانزک آڈٹس ہوئے لیکن ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہ ہوئی، تریموں پاور پلانٹس کا معاہدہ ہم نے2017 میں کیا، اسے 2019 میں آپریشنل ہونا تھا، لیکن موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اب تک یہ پاورپلانٹس بند پڑا ہے، ہم پرلگائے گئےالزامات اب خود ان کیلئے خوف کاباعث ہیں، نیلم جہلم پروجیکٹ پر 5 ارب ڈالرخرچ ہوئے، اربوں روپےکی کیپسٹی پیمنٹ سرکارکو جارہی ہے، گیس کا نیامعاہدہ نہ ہونے کی وجہ 35 ارب کےنقصان ہوچکاہے، مہنگائی اور بے روزگاری پرتوجہ نہیں اور کیپسٹی پیمنٹ کو روتے ہیں، مٹیاری سےلاہورتک ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ ہم نے شروع کیا تھا، ہم نےجو ترسیلی لائنز ڈالی ان میں مزیداضافہ بھی نہیں کیا گیا، شاباش ملنے کی بجائے ہمیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے، عوام فیصلہ کرلیں کس نے خدمت کی اور کون صرف تقریریں کررہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شہبازشریف سے ایف آئی اے کا مبینہ نامناسب رویہ

صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معیشت کو تباہ کردیا، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، موجودہ حکومت کے 3سال میں قوم کو بےدردی سے لوٹا گیا، 50 لاکھ گھر بنانا تو دور کی بات اب تک ایک اینٹ نہیں لگا سکے، ایک کروڑ نوکریوں چھوڑیں 50 لاکھ لوگوں کو بےروزگار کردیا گیا، پشاور میٹرو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے، اس حکومت کی بداعمالی کی وجہ سےلوڈشیڈنگ دوبارہ آچکی ہے اور متعدد شہروں میں 10 ، 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، کنٹینر پر دعوے کرنے والے نے ایک ڈیم نہیں بنایا، تین سال میں قومی وسائل کو بےدردی سے لوٹا جارہا ہے، اگر ہم نےخود کو نہیں بدلا تو خدانخواستہ ملک میں خونی انقلاب آسکتا ہے۔
Load Next Story