5 لاکھ کلومیٹر کا سفر طے کرنے والے باپ نے 24 سال بعد گمشدہ بیٹا ڈھونڈ نکالا

باپ نے گمشدہ بیٹے کی تصویر والے بڑے پرچم کو موٹرسائیکل پر باندھ کر 24 سال تک ملک بھر میں ڈھونڈا

دو سالہ بچے کو 1997 میں گھر سے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

چین میں 24 سال قبل اغوا ہونے والے بیٹے کی تلاش میں موٹرسائیکل پر 5 لاکھ کلومیٹر سفر کرنے والے گوو گنگ تینگ کی محنت رنگ لے آئی اور بالآخر بے قرار باپ کو اس کا لخت جگر مل گیا۔


عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے شینڈوگ میں بچپن میں اغوا ہونے والے بیٹے اور باہمت و مستقل مزاج باپ کی 24 سال بعد ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس موقع پر ہر آنکھ پُرنم تھی لیکن یہ آنسو خوشی کے تھے۔

گوآ ژین اس وقت دو سال کے تھے جب گھر کے باہر اکیلے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔ اغوا کاروں نے انھیں دور دراز علاقے میں ایک بے اولاد جوڑے کو فروخت کردیا تھا۔



بیٹے کی جدائی گوو گنگ تینگ کو برداشت نہیں ہوئی اور انھوں نے ملازمت چھوڑ کر موٹر سائیکل پر ایک بڑا پرچم باندھا جس میں بیٹے کی تصویر چھپی ہوئی تھی اور 24 برسوں میں 5 لاکھ کلو میٹر کا سفر کیا۔




وہ ہر اُس گلی گئے جہاں معمولی سی بھی معلومات ملنے کی امید تھی لیکن ہر جگہ مایوسی کا سامنا تھا تاہم مستقل مزاج باپ نے ہمت نہیں ہاری اور بیٹے کو ہر اسپتال ہر تھانے اور ہر چوراہے پر ڈھونڈا۔



بیٹے کی تلاش میں سرگرداں باپ کی دیوانگی دیکھ کر سرکاری ادارے بھی متحرک رہے یہاں تک کہ ایک دور دراز گاؤں میں ڈی این اے کی مدد سے بیٹے کا سراغ مل گیا۔ دو سال کی عمر میں اغوا ہونے والا بچہ اب اسکول ٹیچر تھا۔

چین میں 80 اور 90 کی دہائی میں بچوں کے اغوا ہونے کا سلسلہ عام تھا جس کی بنیادی وجہ ایک سے زائد اولاد پر پابندی عائد ہونا تھی کیوں کہ تمام والدین ہی بیٹے کی خواہش رکھتے تھے اس لیے زیادہ تر اغوا ہونے والے بچے بھی لڑکے ہوتے تھے۔

 
Load Next Story