نجی شعبے کو معاشی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں احسن اقبال

نوجوان طبقے کو روزگار کی فراہمی صرف نجی شعبے کی ترقی سے ممکن ہے، وزیر پلاننگ

مسائل سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی بنالی،ورکشاپ سے خطاب،شرکانے تجاویز دیں۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کو معاشی ترقی و استحکام کا انجن تصور کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت ایس ایم ایز اور نجی شعبے کو مناسب ماحول کی فراہمی کیلیے کوشاں ہے۔

جمعہ کو معاشی ترقی کے حوالے سے مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قومی آبادی کے 65 فیصد نوجوان طبقے کو روزگار کی فراہمی کے چیلنج کا سامنا ہے جو صرف نجی شعبے کی ترقی سے ممکن ہے جو ملکی اقتصادی ترقی کے انجن کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت نے ویژن 2025 کے تحت نجی شعبے کی ترقی کیلیے روڈ میپ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات کے روایتی تصور کو ختم کیا جاسکے، روز بروز بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے ہمیں برآمدی شعبے کے فروغ اور بہتری کیلیے اقدامات کرنا ہوںگے۔




انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے مسائل اور معاشی ترقی میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کیلیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ توانائی بحران، امن و امان کی ناقص صورتحال کے مسائل ختم ہو سکیں اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے گورننس کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائیگا۔ ورکشاپ میں کاروباری برادری کے نمائندوں نے ملکی اقتصادیات کی بہتری کیلیے تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کی روشنی میں حکومت کاروباری اصلاحات متعارف کرائے گی۔
Load Next Story