بگ تھری کی حمایت بنگلہ دیش کو شدید مخالفت کا سامنا

بورڈ چند مالی فوائد کے لیے کرکٹ کو گروی رکھنے سے باز رہے،۔سابق صدر بی سی بی صابر چوہدری

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے سبزباغ کی ہلکی سی جھلک دکھائے جانے پر ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈھانچے میں تبدیلیوں سے متعلق ڈرافٹ کی حمایت کیلیے پرتول دیے۔ فوٹو: فائل

بگ تھری کی حمایت پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو شدید مخالفت کا سامنا ہے، منصوبے کی حمایت کو 'ڈیتھ وارنٹ' پر دستخط کے مترادف قرار دیا جانے لگا۔بی سی بی کے سابق صدر صابر چوہدری کا کہنا ہے کہ بورڈ چند مالی فوائد کے لیے کرکٹ کو گروی رکھنے سے باز رہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے سبزباغ کی ہلکی سی جھلک دکھائے جانے پر ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈھانچے میں تبدیلیوں سے متعلق ڈرافٹ کی حمایت کیلیے پرتول دیے، اس سلسلے میں بورڈ ڈائریکٹرز نے 3 کے مقابلے میں 20ووٹ دیے، مقامی شائقین کے ساتھ سابق کرکٹرز بھی اس فیصلے پر کافی غصے میں ہیں، خاص طور پر ان سابق کپتانوں کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے جو بورڈ میں ڈائریکٹرز بنے بیٹھے اور اس خطرناک تجویز کی حمایت کررہے ہیں،یہ تجویز بنگلہ دیش کو ٹیسٹ اسٹیٹس سے محروم کرسکتی ہے، نجی طور پر ان ڈائریکٹرز نے اپنے قریبی حلقوں میں صفائیاں دینا شروع کردیں مگر وہ بھی دراصل بورڈ کے صدر نظم الحسن کے موقف کی تائید کررہے ہیں، انھوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگلے دس برس میں بھی بنگال ٹائیگرز کی ٹیسٹ کرکٹ میں پرفارمنس بہتر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔




اس بات سے موجودہ ٹیم کو بھی شدید دھچکا پہنچا جوگذشتہ کچھ عرصے سے اس فارمیٹ میں اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کیلیے کافی محنت کررہی ہے،کوچ شین جرجینسن نے تسلیم کیا کہ پلیئرز بھی اس ایشو سے کافی متاثر دکھائی دیتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری گذشتہ صبح میٹنگ میں اس معاملے پر بات ہوئی مگر میں نے انھیں کہا کہ ہمیں کسی بھی دوسری بات کے بارے میں فکرمند ہونے کے بجائے صرف کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ سری لنکا سے ایک سخت ہوم سیریز کھیلنی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی بورڈ کے ایک سابق صدر صابر چوہدری نے نظم الحسن کے نام خط میں لکھاکہ ہم نے بڑی جدوجہد کے بعد آئی سی سی میں فل ممبرشپ اور ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کیا، اس جدوجہد کو چند مالی فوائد کی وجہ سے مٹی میں نہیں ملا یا جاسکتا، کسی بھی صورت میں ان تجاویز کی حمایت نہیں کرنی چاہیے ورنہ یہ اپنی ہی موت کے پروانے پر دستخط ثابت ہونگے۔
Load Next Story