کوچنگ کے لئے بے تاب وقار یونس آسٹریلیا چھوڑنے پر تیار

وقار یونس نے بورڈ حکام کو فیملی کے ساتھ دبئی منتقلی کا اشارہ دے دیا۔


Sports Desk January 26, 2014
وقار یونس کے دوبارہ کوچ بننے کا امکان روشن ہے، فوٹو: رائٹرز/فائل

پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلیے بے تاب سابق پیسر وقار یونس آسٹریلیا چھوڑ کر دبئی منتقلی پر بھی آمادہ ہو گئے،2011میں انھوں نے گھروالوں سے دوری اور صحت کے مسائل کو وجہ قرار دیتے ہوئے عہدہ چھوڑا تھا، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20کیلیے ان کے دوبارہ ذمہ داری سنبھالنے کا امکان روشن نظر آتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیو واٹمور پاکستان کے ساتھ اپنی آخری سیریز مکمل کر چکے، وہ 2سالہ معاہدے کے اختتام پر 31 جنوری کو آسٹریلیا واپس چلے جائینگے ، پی سی بی کو اب نئے کوچ کی تلاش ہے، اس مقصد کیلیے وسیم اکرم، انتخاب عالم، جاوید میانداد اور سبحان احمد پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے اشتہار جاری کر دیا گیا، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک رکن نے وقار یونس سے رابطہ کر کے درخواست دینے کو کہا ہے، سابق کپتان اہل خانہ کے ساتھ آسٹریلیا میں رہائش پذیر ہیں، ماضی میں اسی وجہ سے انھیں مسائل کا سامنا کرنا پڑا،اب انھوں نے بورڈ حکام کو فیملی کے ساتھ دبئی منتقلی کا اشارہ دے دیا،اس سے انھیں نجی و پیشہ ورانہ زندگی میں توازن رکھنے میں آسانی ہو گی۔

 photo 5_zpsf877a746.jpg

2010 اور 2011 میں وقار یونس کے دور کوچنگ میں چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ تھے، اس وقت یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ٹیم میں اتھارٹی پر حکام کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے کوچنگ چھوڑی، البتہ انھوں نے صحت کے مسائل کو وجہ قرار دیا تھا، موجودہ ٹیم کے کئی رکن ان کی زیرکوچنگ کھیل چکے اور خاصی عزت کرتے ہیں، اس لیے دوبارہ کوچ بننے کا امکان روشن ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دیگر کوچز بھی ملکی ہوں گے، بیٹنگ کوچ کے اہم امیدوار سابق کرکٹر باسط علی ہیں، وہ ماضی میں ویمنز ٹیم کی رہنمائی کر چکے ہیں۔