کابل ایئرپورٹ پر پھنسے پی آئی اے کے دونوں طیارے وطن واپس پہنچ گئے

ایئرپورٹ پر مخصوص فوجی نقل و حمل کے باعث پروازوں کی اجازت روک دی گئی تھی، ترجمان پی آئی اے

پی آئی اے نے پاکستانیوں کے افغانستان سے انخلاء کے لیے 5 پروازیں چلانے کا آپریشن ترتیب دے دیا فوٹو: فائل

کابل ایئرپورٹ پر امریکی طیاروں کی آمد کے باعث قومی ایئرلائن کے پھنسنے والے دونوں طیارے مسافروں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے کے بعد شہر میں موجود ہزاروں غیر ملکی ہنگامی بنیادوں پر ملک چھوڑ رہے ہیں، کابل سے امریکیوں کے محفوظ انخلا کے لیے 5 خصوصی طیارے کابل ایئرپورٹ پہنچے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کو دیگر پروازوں کے لیے بند کردیا گیا اور کسی بھی طیارے کو اڑان بھرنے یا لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

امریکی طیاروں کی نقل و حرکت کے باعث کابل ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن پی آئی اے کے 2 مسافر طیارے بھی اڑان بھرنے کی اجازت کے منتظر رہے، ان طیاروں میں مجموعی طور پر 499 مسافر سوار تھے، جن میں عام شہریوں کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کا عملہ اور ان کے اہل خانہ سمیت دیگر سفارتخانے کے بھی بعض افراد شامل تھے۔


امریکی طیاروں کی آمد مکمل ہوتے ہی ایئرپورٹ کو دیگر پروازوں کے لیے فعال کردیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر دونوں طیارے پرواز کے لئے مکمل تیار تھے لیکن مخصوص فوجی نقل و حمل کے باعث پروازوں کی اجازت روک دی گئی تھی۔

دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ نے پاکستانیوں اور غیرملکیوں کے افغانستان سے انخلاء کے لیے 5 پروازیں چلانے کا آپریشن ترتیب دے دیا ہے، افغانستان بھیجے جانے والے طیاروں میں 400اور 300سیٹر ٹرپل سیون جبکہ 170 سیٹر ائربس تھری ٹوینٹی شامل ہیں۔
Load Next Story