اسرائیل نے پولینڈ کے قانون کو یہودی مخالف قرار دیکر اپنا سفیر بلالیا

تعطیلات پر اپنے وطن گئے پولینڈ کے سفیر اب اسرائیل واپس نہ آئیں، اسرائیلی وزیر خارجہ

اسرائیل نے پولینڈ کے سفیر کو بھی آنے سے روک دیا، فوٹو: فائل

اسرائیل نے ہولوکاسٹ متاثرین سے متعلق قانون کو یہودی مخالف قرار دیکر پولینڈ سے اپنا سفیر واپس بلالیا جب کہ پولینڈ کے سفیر کو بھی اسرائیل آنے سے روک دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے صدر اندریج دودا نے ایک نئے قانون پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔ نئے قانون کے تحت 30 سال قبل جاری کردہ کسی بھی انتظامی فیصلے کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

اسرائیل اور امریکا نے اس قانون پر کڑی تنقید کی ہے۔ اسرائیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہودی دشمنی پر مبنی اس قانون کا مطلب یہ ہے کہ کمیونسٹ دور میں یہودیوں کے گھروں یا کاروبار پر قبضہ گیا تھا اب انہیں معاوضہ نہیں مل سکے گا۔

پولینڈ نے ایسا ہی ایک قانون 2018 میں بھی پیش کیا تھا جس کے تحت پولینڈ کے نازی جرمنی کے ساتھ تعاون کے جھوٹے دعوؤں کو جرم قرار دیا گا اور ایسا کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں تجویز کی گئی تھیں۔

اسرائیل نے اس وقت بھی شدید احتجاج کیا تھا اور قانون کو یہودی مخالف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قانون ہولوکاسٹ کے دوران یہودیوں کے خلاف پولینڈ کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔ پولینڈ کے مظالم بیان کرنے پر یہودیوں کو سزائیں دی جائیں گی۔


امریکا اور اسرائیل کی شدید تنقید کے بعد پولینڈ میں اس قانون کو غیر مؤثر کردیا گیا تھا تاہم دوبارہ اس قانون کو نئی صورت میں کچھ اور اضافے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جس پر اسرائیل نے پولینڈ سے اپنا سفیر واپس بلالیا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے اپنے بیان میں قانون کو غیراخلاقی اور یہود مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولینڈ کے سفیر جو تعطیلات پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں وہ اسرائیل واپس نہ آئیں۔

پولینڈ کی حکومت نے بھی اسرائیلی اقدام کے جواب میں پولینڈ کے سفیر کو اسرائیل جانے سے تاحکم ثانی روک دیا ہے۔ پولینڈ کے وزیراعظم ماتیوز موراوکی نے نئی قانون سازی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے ملک میں مجرمانہ زیادتی کا دور ختم ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پولینڈ دوسری جنگ عظیم سے پہلے یورپ میں یہودیوں کا سب سے بڑا وطن تھا تاہم ہولوکاسٹ کے دوران نازی جرمنی کے اتحادی کے طور پر پولینڈ نے یہودیوں کا قتل عام کیا اور انھیں جلاوطن ہونے پر مجبور کردیا تھا۔

 
Load Next Story