ٹام کروز کو آشا بھوسلے کے ریسٹورینٹ کا چکن تکہ بھاگیا

ویب ڈیسک  منگل 24 اگست 2021
مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ مسٹر ٹام کروز آشاز ریسٹورنٹ میں اچھے کھانے سے لطف اندوز ہوئے، آشا بھوسلے فوٹوفائل

مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ مسٹر ٹام کروز آشاز ریسٹورنٹ میں اچھے کھانے سے لطف اندوز ہوئے، آشا بھوسلے فوٹوفائل

ممبئی: ہالی ووڈ کے سپراسٹار ٹام کروز کو بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کے ریسٹورینٹ کا چکن تکہ بھاگیا۔

اداکار ٹام کروز حال ہی میں بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ آشابھوسلے کے برمنگھم میں واقع ہوٹل ’’آشاز‘‘ پہنچے جہاں انہوں نے ایک نہیں پوری دوپلیٹ چکن تکے کی دعوت اڑائی۔ آشا بھوسلے نے ہالی ووڈ اسٹار کی اپنے ریسٹورینٹ آمد کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا ’’ٹام نے ہمارے ریسٹورنٹ کے مشہور چکن تکہ مصالحے کا آرڈر دیا اور اس سے اتنا لطف اٹھایا کہ جیسے ہی انہوں نے ایک چکن تکہ ختم کیا فوراً ہی دوسرے کا آرڈر دے دیا۔‘‘

آشا بھوسلے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی یہ خبر شیئر کی اور لکھا مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ مسٹر ٹام کروز آشاز ریسٹورینٹ میں اچھے کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔ اورمجھے امید ہے کہ وہ جلد ہی دوبارہ ہم سے ملنے آئیں گے۔ اس پیغام کے ساتھ آشا بھوسلے نے ٹام کروز کی وہ تصویر بھی شیئر کی جوان کے ریسٹورینٹ  کے باہر لی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹام کروز ان دنوں اپنی فلم  ’’مشن امپاسیبل 7‘‘ کی شوٹنگ کررہے ہیں اور وہ شوٹنگ سے بریک لے کر آشا بھوسلے کے ریسٹورینٹ پہنچے تھے۔

آشا بھوسلے کے جنرل مینیجر نعمان فاروقی کے مطابق ٹام کروز اپنی سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ شام 6 بجے ریسٹورینٹ پہنچے اور کہا وہ کوئی ہنگامہ نہیں چاہتے بس صرف اس ماحول کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ ٹام کروز نے مزید کہا کہ وہ بھارتی کھانے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں بالکل کسی ریسٹورینٹ میں آنے والے دوسرے مہمان کی طرح۔ اس کے بعد ٹام کروز نے چکن تکہ مصالحے کا آرڈر دیا اور دوسری بار اضافی مصالحے کے ساتھ آرڈر دیا۔

بعد ازاں ہوٹل کے مینجر نے ریسٹورینٹ کے باہر ٹام کروز سے ایک  تصویر لینے کی درخواست کی جس پرانہوں نے سماجی رابطے کے فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے بخوشی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ ٹام کروز اپنی کامیاب ’’مشن امپاسیبل فرنچائز‘‘ کی ساتویں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس فلم کو کرسٹوفر میک کیوری ڈائریکٹ کررہے ہیں۔ فلم اگلے سال 27 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔