میکسیکو سمندر میں آئل پلیٹ فارم پر خوفناک آتشزدگی میں 5 ملازمین ہلاک

آتشزدگی میں 6 افراد شدید زخمی اور 2 لاپتہ ہوگئے

آتشزدگی میں 6 افراد زخمی اور 2 لاپتہ ہوگئے، فوٹو: ٹوئٹر

میکسیکو سمندر میں سرکاری کمپنی پیمیکس کے آئل پلیٹ فارم پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک، 6 زخمی اور 2 لاپتہ ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں آئل پلیٹ فارم پر 6 ہفتوں بعد دوبارہ آگ لگ گئی۔ اچانک لگنے والی اس آگ کے خوفناک شعلے آسمان کو چھونے لگے۔

آتشزدگی کے بعد تیل کے 125 کنوؤں پر کام روک دیا گیا جس کے لیے پلیٹ فارم سے گیس اور بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 5 لاشیں نکالیں جب کہ 6 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔


ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سے دو افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ تاحال آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ پروڈکشن کا کام کل سے دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : میکسیکو کے سمندر میں پُراسرار طور پر آگ بھڑک اُٹھی، ویڈیو وائرل

یاد رہے کہ 3 جولائی کو اسی آئل پلیٹ فارم کے سطح سمندر پر اچانک آگ لگ گئی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تاہم اس واقعے میں جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

 
Load Next Story