کیویز کو تختہ مشق بنانے کیلیے پیس بیٹری چارج ہونے لگی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 15 ستمبر 2021
عبدالرزاق پاور ہٹنگ کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کوشاں رہے،فیلڈرز مشکل کیچز تھامنے کے ساتھ وکٹوں کو نشانہ بناتے رہے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

عبدالرزاق پاور ہٹنگ کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کوشاں رہے،فیلڈرز مشکل کیچز تھامنے کے ساتھ وکٹوں کو نشانہ بناتے رہے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

 لاہور:  کیویز کو تختہ مشق بنانے کیلیے پیس بیٹری چارج ہونے لگی جب کہ جمعے کے روز پہلے ون ڈے میں دلیرانہ کرکٹ کھیلنے کا عزم لیے گرین شرٹس نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

18سال بعد پاکستان آنے والے کیویز ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعے کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلیں گے،دونوں ٹیموں کے کرکٹرز صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے بے تاب نظر آرہے ہیں۔ گذشتہ روز بھی گرین شرٹس نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

نئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منتخب کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھیں بے خوف ہوکر جدید کرکٹ کا جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت دی تھی،وہ ناکامی کا ڈر دل سے نکال کر دلیرانہ کرکٹ کھیلنے کیلیے حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے تھے،پنڈی اسٹیڈیم میں بھی کرکٹرز اپنی مشقوں میں یہی انداز اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

گذشتہ روز میزبان کھلاڑیوں نے نیٹ میں صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،پیس بیٹری چارج ہوتی رہی، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی،حارث رؤف اور محمد حسنین بھرپور قوت سے بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کیلیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش میں رہے۔

وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی کی لائن و لینتھ بہتر بنانے کیلیے عبدالرزاق نے خصوصی مشورے دیے،اسپنرز شاداب خان،عثمان قادر اور زاہد محمود کو عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی رہنمائی حاصل رہی،ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں فخرزمان اورامام الحق کو نئی گیند سے پریکٹس کرائی گئی۔

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھی طویل سیشن کرتے ہوئے پیسرز کے بعد اسپنرز کی گیندوں کا سامنا کیا،سعود شکیل نے اپنی تکنیک پر کام کیا، افتخار احمد، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف پاور ہٹنگ کی مشق کرتے نظر آئے،عبوری اسسٹنٹ کوچ عبدالرزاق نے ان پر خصوصی توجہ دی۔

فیلڈنگ سیشن میں مشکل کیچز تھامنے پر توجہ دی گئی، وکٹوں کو نشانہ بنانے کی مہارت میں بہتری لانے کی کوشش بھی ہوئی، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کرکٹرز بھی مقامی کنڈیشنز پر بہتر کارکردگی کا عزم لیے پریکٹس کرتے رہے،3گھنٹے کی مشقوں میں بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

بیٹسمینوں نے اسپنرز کی گیندوں پر تکنیک بہتر بنانے پرکام کیا، کیوی اسکواڈ میں بیشتر کھلاڑی نوآموز ہونے کے باوجود کوچ گلین پوکنال پْرامید ہیں کہ پاکستان کا اعتماد متزلزل کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔

ورچوئل میڈیاکانفرنس میں انھوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں بھی سیکیورٹی اہلکاروں کے دستے ہمراہ ہوتے تھے،یہاں بھی اسی طرح کی صورتحال ہے،بڑی حد تک ہم اس کے عادی بھی ہوچکے ہیں،میدان میں ہماری پوری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہوگی،کھلاڑی میچز کے حوالے سے پْرجوش ہیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مضبوط پاکستان ٹیم کے دفاع میں شگاف ڈالنے کی کوشش کرینگے۔

دریں اثنا بدھ کو نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آرام کرے گی جبکہ میزبان کرکٹرز کی ٹریننگ کا آغاز شام ساڑھے چار بجے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔