یمن میں فوجی ہیڈکوارٹر پر میزائل حملے میں 3 بچے جاں بحق 33 افراد زخمی

زخمیوں میں بھی زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہیں

مارب کے فوجی علاقے میں تین میزائل داغے گئے، فوٹو: فائل

یمن کے شہر مارب میں حوثی باغیوں نے فوجی ہیڈکوارٹر پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 33 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی سطح پر تسلیم شدہ یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی شہر مارب میں حوثی باغیوں نے فوجی علاقوں پر میزائل حملے کیے۔ دو میزائل فوجی رہائشی علاقے میں گرے جب کہ ایک میزائل اتحادی افواج کے ہیڈکوارٹر میں دفتر کے نہایت قریب گرا۔

میزائل حملوں میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے جن کی عمریں 2 سے چار سال کے درمیان تھیں جب کہ 33 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں بھی بچے اور خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 7 ماہ سے 16 سال کے درمیان ہیں۔


حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل حملے کی ذمہ داری کے حوالے سے حکومتی الزام کی نہ تردید اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔

مارب یمن کے شمالی حصے میں سعودی اتحادی افواج کا آخری گڑھ ہے۔ قدرتی گیس سے مالامال شہر ہونے کے باعث متحارب گرپس کے درمیان شہر کے قبضے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں سعودی سربراہی میں اتحادی افواج اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان خانہ جنگی کا سلسلہ 2014 سے جاری ہے جس کے دوران 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زائد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

 
Load Next Story