ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کیلیے مریم نواز کی متفرق درخواست پر اعتراض ختم

عدالت نے مریم نواز کی متفرق درخواست 13 اکتوبر کو باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کردی

مریم نواز نے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے انکشافات پر بریت کی استدعا کی ہے فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے لیے مریم نواز کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت صدیقی کی تقریر کے تناظر میں ایوان فیلڈ ریفرنس میں بریت کے لئے مریم نواز کی متفرق درخواست پر رجسٹرار کے اعتراض پر سماعت کی۔


دوران سماعت مریم نواز کے وکیل عرفان قادر نے کہا کہ کل کی درخواست کے بعد کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، میں واضح کرنا چاہتا ہوں ہماری افواج بہترین افواج ہیں، ہماری انٹیلجنس ایجنسی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے ، ہماری عدلیہ میں بہترین جج موجود ہیں، آج اخبارات میں ایسی باتیں چھپیں کہ مجھے وضاحت کرنا پڑی، مجھے ایسا لگا جیسے میں پتہ نہیں یہاں کس کیخلاف کھڑا ہونے جا رہا ہوں۔
عرفان قادر کی بات پر پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو میں تب سے جانتا ہوں جب بچہ تھا ، آپ نے جو باتیں کہیں ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ان پر بات کریں،ابھی ہم رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر کے درخواست مقرر کریں گے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مریم نواز کی متفرق درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کر دیئے، عدالت نے مریم نواز کی متفرق درخواست 13 اکتوبر کو باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کردی۔

واضح رہے کہ مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم کرنےکے لیے عرفان قادر ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست جمع کرائی گئی تھی۔ جس میں سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے انکشافات کی روشنی میں بریت کی استدعا کی تھی۔
Load Next Story