ہفتہ رفتہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں کمی

چینی نئے سال کی تعطیلات ومارکیٹس سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد نیا رجحان سامنے آئیگا، احسان الحق

چینی نئے سال کی تعطیلات ومارکیٹس سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد نیا رجحان سامنے آئیگا، احسان الحق۔ فوٹو: فائل

امریکا کی جانب سے برازیل کے کسانوں کے لیے زرتلافی ستمبر2013 سے معطل کرکے اس کی عدم بحالی پر برازیل کی جانب سے امریکی کاٹن اور کاٹن پروڈکٹس پر احتجاجاً 100 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کیے جانے کے بعد نیو یارک کاٹن ایکس چینج میں رونما ہونے والی مندی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر گزشتہ ہفتے کے روئی کی قیمتوں میں مندی کا رجحان غالب رہا۔

تاہم مثبت امریکی کاٹن ایکسپورٹس رپورٹ جاری ہونے سے روئی کی قیمتوں میں دوبارہ قدرے بہتری کا رجحان سامنے آ گیا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ چین میں جاری نئے سال کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد چینی کاٹن مارکیٹس میں دوبارہ کاروباری سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد ہی دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں تیزی یا مندی کا واضح رجحان سامنے آ سکے گا پاکستا ن کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے ـ ـایکسپریس کو بتایا کہ امریکا نے 2010 میں ایک معاہدے کے تحت برازیل کے کسانوں کو سالانہ 147 ملین ڈالر سبسڈی کی مد میں ادا کرنے شروع کیے تھے جو ستمبر 2013 معطل کر دیے تھے جس پر برازیل نے امریکا سے درآمد ہونے والی مختلف اشیا پر 20 سے60فیصد جبکہ کاٹن اور کاٹن پراڈکٹس پر100فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں مندی کا رجحان سامنے آیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چین میں جاری نئے سال کی تعطیلات کے باعث چین کی جانب سے روئی کی درآمد معطل ہونے سے خدشہ ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی کاٹن ایکسپورٹ رپورٹس منفی ہونے کے باعث نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں بھی روئی کی قیمتیں دبائو کا شکار ہو سکتی ہیں جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر کاٹن مارکیٹس پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پنجاب (پاکستان) میں 200 نئے ٹیکسٹائل سپننگ یونٹس لگانے بارے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے اور پنجاب حکومت سے کہا گیا کہ اگر چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب کی ڈیولپڈ انڈسٹریل اسٹیٹس میں زمین لیز پر 8ہزار900ڈالر فی ایکڑ سالانہ اور بجلی12 سینٹ فی یونٹ دینے کا معاہدہ کیا جائے تو چین پنجاب میں 200سپننگ یونٹس لگا سکتا ہے اور ایسا ہونے کی صورت میں پاکستان ایک ترقی پذیر ملک سے ترقی یافتہ ملک میں تبدیل ہو سکتا ہے۔




ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب کے مختلف شہروں میں کوئلے سے چلنے والے 6بجلی گھروں کی تعمیر بہت جلد شروع کی جا رہی ہے تاکہ مذکورہ سپننگ یونٹس کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں حاضر ڈلیوری روئی کے سودے ایک سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد93.75سینٹ فی پائونڈ،مارچ ڈیلوری روئی کے سودے1.38 سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 85.83سینٹ فی پائونڈ،بھارت میں روئی کی سودے17روپے فی کینڈی کمی کے بعد42ہزار687روپے فی کینڈی ،کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے سپاٹ ریٹ100روپے فی من مندی کے بعد6ہزار950روپے فی من تک گر گئے جبکہ چین میں جاری تعطیلات کے باعث روئی کی سرگرمیاں تقریباً معطل رہیں۔

احسان الحق نے بتایا کہ بعض اطلاعات کے مطابق بھارت میں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں غیر متوقع غیر معمولی کمی کے باعث بھارت نے رواں سال زیادہ سے زیادہ 90لاکھ روئی کی بیلز برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اطلاعات کے مطابق بھارت میں روئی کے برآمدی سودوں کی رجسٹریشن جو اب تک تقریباً 65لاکھ بیلز تک پہنچ چکی ہے، 90لاکھ تک پہنچنے کے باعث اس حد کو '' کیپ'' کر دیا جائے گا تاکہ بھارت کی جانب سے برآمد ہونے والے سوتی دھاگے کے برآمدی آرڈرز متاثر نہ ہو سکیں۔ یاد رہے کہ کاٹن کارپوریشن آف انڈیا کی جانب سے 26 جنوری 2014 تک کے کپاس کی مجموعی ملکی پیداواری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کپاس کی پیداوار ایک کروڑ51لاکھ41 ہزار بیلز رہیں جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ریکارڈ 30 لاکھ 82 ہزار بیلز کم رہیں جس کے بعد توقع ہے کہ بھارت میں 2013-14 کے دوران کپاس کی پیداوار پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 15سے 20 فیصد تک کم رہنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
Load Next Story