ایف بی آرکا پی آئی اے کو نئے جہازوں پر ٹیکس و ڈیوٹی چھوٹ دینے سے انکار

مذکورہ پلان کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن مزید نئے جہاز لیز پر حاصل کرنا چاہتا ہے، ذرائع


Irshad Ansari February 03, 2014
مذکورہ پلان کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن مزید نئے جہاز لیز پر حاصل کرنا چاہتا ہے، ذرائع فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے) کو نئے جہاز لیز پر لینے کیلیے کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے گزشتہ روز،،ایکسپریس،،کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پی آئی اے کی نجکاری کیلیے منظور کردہ پلان کے تحت پی آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ نجکاری پراسیس کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کم سے کم لاگت میں بہترین سفری سہولتیں دینے والے جہازوں کو لیز پر لینے اور پی آئی اے کے رُوٹس کی ریشنلائزیشن کا سلسلہ بھی جاری رکھے گی تاکہ پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے اور اسکی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پلان کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن مزید نئے جہاز لیز پر حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے بند ہوجانے والے منافع بخش فضائی روٹس کو دوبارہ سے بحال کرکے پروازیں شروع کرسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی طرف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)سے درخواست کی گئی تھی کہ پی آئی اے کی طرف سے لیز پر لیے جانیوالے نئے جہازوں پر عائد کسٹمز ڈیوٹی،انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس و فیڈرل ایکسائز ڈیوٹٰی سے چھوٹ دیدی جائے تاکہ پی آئی اے کی طرف سے لیز پر لیے جانے والے جہازوں پر لاگت میں کمی واقع ہوسکے۔

مذکورہ افسر نے بتایا کہ اس حوالے سے چند روز قبل ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں پی آئی اے حکام نے بھی شرکت کی تھی۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ اجلاس میں پی آئی اے کی طرف سے لیز پرجہاز لینے پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کی درخواست کا تمام پہلوئوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پی آئی اے حکام کو بتایا گیا کہ قانون میں لیز پر لیے جانیوالے جہازوں کو ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کی کوئی شق اور گنجائش موجود نہیں ہے، اس لیے ایف بی آر کی طرف سے پی آئی اے کو لیز پر لیے جانے والے مزید جہازوں پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ نہیں دی جاسکتی ہے جبکہ اس ضمن میں ایکسپریس کو دستیاب دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ تیس جون 2013 تک پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 170ارب روپے تھا اور پی آئی اے 40 بیرونی(Foreign) اسٹیشنز اور 32 مقامی و اندرونی (Domestic)اسٹیشنزسے آپریٹ کررہا ہے جبکہ کمپنی(پی آئی اے)کے گیارہ انتظامی ونگز ہیں جن میں مجموعی طور پر اٹھارہ ہزار سے زائد ملازمین تعینات ہیں، اس کے علاوہ تین ہزار سے زائدکنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین ہیں جبکہ پی آئی اے کے پاس کُل 34 جہاز ہیں جن میں سے صرف25 آپریشنل ہیں جن میں تین بوئنگ 747، آٹھ ائیر بس اے 380 ، ایک بوئنگ 737،پانچ اے ٹی آر42 جبکہ آٹھ بوئنگ 777جہاز شامل ہیں اور پی آئی اے اب مزید جہاز لیز پر حاصل کرنا چاہتا ہے جنہیں ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دلوانے کا خواہاں ہیں تاہم ایف بی آر نے پی آئی اے کی یہ درخواست مسترد کردی ہے۔

مقبول خبریں