بگ تھری تجاویز، ملک کے مفاد میں فیصلہ کیا جائے، وسیم اکرم

اسپورٹس رپورٹر  پير 3 فروری 2014
عمر اکمل نے قانون کی خلاف ورزی کی لیکن اس کے ساتھ سلوک برا لگا، سابق پیسر۔ فوٹو: فائل

عمر اکمل نے قانون کی خلاف ورزی کی لیکن اس کے ساتھ سلوک برا لگا، سابق پیسر۔ فوٹو: فائل

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بگ تھری کے معاملہ پرایسا فیصلہ کیا جائے جو ملک کے وسیع تر مفاد میں ہو،پاکستان کرکٹ ٹیم کو مستحکم بنانے کی صلاحیت رکھنے والا ہی نیا قومی کوچ ہوگا۔

عمر اکمل نے قانون کی خلاف ورزی کی مگر روا سلوک برا لگا، ایشیا کپ اور عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی میں مقابلے سخت اور دلچسپ ہوں گے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں امن کپ انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل اور اختتامی تقریب کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اپنے دور کے عظیم آل رائونڈر نے کہا کہ وہ ابھی تک آئی سی سی کے ڈرافٹ پوزیشن پیپرز نھیں پڑھ سکے جبکہ اس حوالے سے کی جانے والی ترامیم کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے، لیکن اس ضمن میں پی سی بی ایسا فیصلہ کرے جو ملک و قوم کے مفاد میں ہو، نئے قومی کوچ کے انتخاب کے لیے بورڈ کی کمیٹی میں شامل وسیم اکرم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئے کوچ کے لیے متعدد امیدوار سامنے آچکے ہیں جن کے نام افشانھیں کیے جاسکتے جبکہ 6 فروری تک مزید درخواستیں آئیں گی، کوچ نیا ہو یا پرانا، اس سے کوئی فرق نھیں پڑے گا۔

 photo 9_zps639f4807.jpg

اس ذمہ داری پر فائز ہونے والے کو سینئرز کے ساتھ ساتھ جونیئر کرکٹرز کو بھی گروم کرنا ہوگا، ٹریفک وارڈن کے ساتھ الجھنے والے ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کو قانون ہاتھ میں نھیں لینا چاہیے تھا، لیکن بعد میں اس کے برتا جانے والا سلوک منا سب نہ لگا،وسیم اکرم نے کہا کہ بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے دلچسپ ہوں گے جبکہ میزبان ٹیم کو ہوم گرائونڈ کا معمولی ایڈوانٹج ہوگا، علاوہ ازیں آئی سی سی عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سنسنی خیز میچ متوقع ہیں، پاکستان کو فاسٹ بولرز کی کمی نھیں ہوگی، بعدازاں وسیم اکرم کی آسٹریلوی اہلیہ شیزا وسیم نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وسیم اکرم کے ساتھ بہت خوش ہوں اور اچھی زندگی گزر رہی ہے، پاکستان بہت اچھا لگ رہا ہے، یہاں کے عوام بہت محبت اور عزت کرنے والے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔