کراچی سے چینی کے ٹرک کے پی کے روانہ قیمت 90 روپے تک آنے کا امکان

چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو سیدھا جیل بھیجا جائے، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا

صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت . فوٹو : فائل

صوبے کے عوام کے لیے خبر سامنے آئی ہے کہ کراچی سے چینی کے متعدد ٹرک خیبر پختون خوا روانہ ہوگئے جس کے بعد ایک سے دو دن میں چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے سے کم ہوکر 90 روپے تک آںے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ صوبائی وزراء اور انتظامی سیکریٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ 10 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی کی پہلی کھیپ کل تک خیبر پختونخوا میں پہنچ جائے گی۔ کراچی پورٹ سے چینی لے کر بہت سے ٹرک خیبر پختونخوا روانہ ہو گئے ہیں، ایک آدھ دن میں فی کلو چینی کی قیمت 135 روپے سے 90 روپے تک گر جائے گی۔


بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ چینی 86 روپے فی کلو کے حساب سے ڈیلرز کو فراہم کی جائے گی، ڈیلرز یہ چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کریں گے اور تمام اضلاع کو روزانہ ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار ٹن چینی فراہم کی جائے گی، چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے سے تجاوز کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلی محمود خان نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت دی اور کہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی فوری شروع کی جائے اور انہیں سیدھا جیل بھیجا جائے۔

اجلاس میں آٹے کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ صوبے میں سرکاری آٹا 1100 روپے فی 20 کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔
Load Next Story