برطانیہ نے سائنوویک اور سائنو فارم ویکسین کی منظوری دے دی

قبل ازیں صرف فائزر، آکسفورڈ اور ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوانے والوں کو ہی ملک میں داخلے کی اجازت تھی

بھارت میں تیار کردہ کوویکسین بھی اجازت دی گئی ہے، فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
برطانیہ نے انسداد کورونا ویکسین سائنوویک اور سائنو فارم لگوانے والے غیرملکی مسافروں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے سائنو ویک اور سائنو فارم لگوانے والوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل برطانیہ میں صرف فائزر، جانسن، موڈرنا اور ایسٹرازینیکا ویکسین لگوانے والے غیرملکیوں کو ہی داخلے کی اجازت تھی۔

برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین لگوانے والے مسافروں کو بھی ملک میں بغیر قرنطینہ مکمل کیے داخلے کی اجازت ہوگی جس کا اطلاق 22 نومبر سے ہوگا۔


محکمہ ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ سفری قوانین کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے جس کے تحت 18 سال سے کم عمر کے تمام مسافروں کو قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

برطانیہ کے اس فیصلے سے پاکستان، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور بھارت سمیت کئی ممالک کے شہری مکمل فائدہ اُٹھائیں گے کیوں کہ ان ممالک میں اکثریت کو چین کی ہی کورونا ویکسینز لگی ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے برطانیہ پر چینی ویکسین کو قبول نہ کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب ان ویکسینز کو عالمی ادارہ صحت منظور کرچکا ہے تو برطانیہ کو بھی کرلینا چاہیے۔
Load Next Story