ہم نے ایٹم بم بنالیا لیکن عوام کی آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا شبلی فراز

ہم ایک لائٹر تک نہیں بنا سکے اور ہر چیز ہم نے امپورٹ کی ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

ہم ایک لائٹر تک نہیں بنا سکے اور ہر چیز ہم نے امپورٹ کی ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی۔(فوٹو:فائل)

LONDON:
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ہم نے ایٹم بم بنا لیا لیکن عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

ورلڈ سائنس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہمیں سائنس سے متعلق سوچنے کی ضرورت ہے، کیا وجہ ہے کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے رہ گئے، اگر ملک میں ترقی خوشحالی اور معیار زندگی بلند کرنا ہے تو سائنس کے میدان میں آگے آنا ہوگا، سائنس کی وجہ سے انسانوں کو فائدہ پہنچانا ضروری ہے، جتنی ریسرچ ہوئی ہے نتائج اتنے نہیں ملے، ریسرچ برائے ریسرچ کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔


شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کلچر ہی نہیں ہے، حالیہ مثال الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے جسے قبول نہیں کیا جارہا، اپوزیشن ای وی ایم کے قریب جانے سے بھی ڈرتی ہے، ہم نے ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ترقی دینی ہے اس سوچ کو توڑنا ہے، ہم نماز پڑھتے ہیں لیکن ہمیں معنی نہیں آتے، اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانی کی ضرورت ہے، گفتار اور عمل کے غازی میں فرق پیدا کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پرائمری لیول سے چہارم کلاس تک اسٹیم پروگرام لارہے ہیں، اگلے دو ہفتوں میں اس پروگرام کو صوبوں تک لے جائیں گے، ہماری حکومت نے شروع سے ہی ماحولیات پر توجہ دی، ایک طرف ہم نے ایٹم بم، جہاز بنا لیے، اور دوسری طرف ہم نے عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا، ایک گیزر کے گیس کا ضیاع اتنا ہی ہے جسے ہم روک نہیں سکے، میڈیا نے 3000 میگا واٹ انرجی بچانے کے منصوبے پر بات ہی نہیں کی، عوام کے بجلی کے بلز کم آئیں گے، گاڑیوں کے انجنز پر کام کریں گے، افسوس کی بات ہے دنیا چاند پر پہنچ گئی ہم گیزر کی بات کررہے ہیں، ہم ایک لائٹر تک نہیں بنا سکے ہر چیز ہم نے امپورٹ کی ہے، ویتنام کی ایکسپورٹ 216 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

 
Load Next Story