چٹاگانگ ٹیسٹ سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 467 کا ہدف دیدیا

سنگاکارا اور چندیمل کی سنچریاں، مہمان ٹیم کی اننگز4وکٹ 305 پر ڈیکلیئرڈ

چٹاگانگ ٹیسٹ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔فوٹو:اے ایف پی

چٹاگانگ ٹیسٹ میں سنگاکارا نے دوسری اننگز میں بھی سنچری بناکر بنگلہ دیش بولنگ اٹیک کی دھجیاں اڑادیں، مہمان ٹیم نے اننگز 4 وکٹ 305 پر ڈیکلیئرڈ کرکے ٹائیگرز کو فتح کیلیے 467 کا ہدف دیا، جس پر میزبان ٹیم نے چوتھے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان 12رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق چٹاگانگ ٹیسٹ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش پر اپنی گرفت مضبوط کرلی، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 4 وکٹ پر 305 پر ڈیکلیئرڈ کرکے ٹائیگرز پر اپنی مجموعی سبقت 466 کی، پہلی اننگز میں 161رنز کی سبقت پانے والی سری لنکن ٹیم نے دوسری باری میں 4 وکٹ پر 305رنز جوڑ کر میزبان سائیڈ کو فتح کیلیے 467 کا ہدف دے دیا، آف اسپنر محموداللہ نے دونوں حریف اوپنرز دیموتھ کرونا رتنے (15) اور کوشل سلوا(29) کو پویلین چلتا کرکے لنچ سے قبل اسکور 49-2 کیا، لنچ کے فوری بعد شکیب الحسن نے مہیلا جے وردنے کی قیمتی وکٹ حاصل کی، وہ 11رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، تاہم اس کے بعد سنگاکارا نے عمدہ کھیل کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے دنیش چندیمل کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 117رنز کی شراکت بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنادیا۔




پہلی اننگز میں ٹرپل سنچری بنانیو الے سنگاکارا دوسری کاوش میں 105رنز بناکر سوہاگ غازی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، چندیمل 100 ناٹ آئوٹ اور کپتان انجیلو میتھیوز(43) کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 82رنز کی ناقابل شکست شراکت نے مجموعے کو 305 تک پہنچایا، بنگلہ دیش نے دن کے اختتام تک 8 اوورز کے ممکنہ کھیل میں بغیر کسی نقصان کے 12رنز جوڑے، تمیم اقبال7 اور شمس الرحمان4 پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل ٹائیگرز کی پہلی اننگز 426 پر اختتام پذیر ہوئی،محموداللہ گذشتہ دن کے اسکور 30 میں کوئی اضافے کیے بغیر پویلین واپس ہوئے جبکہ الامین حسین9رنز بناکر مینڈس کی گیندپر بولڈ ہوئے، عبدالرزاق 11 پر ناٹ آئوٹ رہے۔
Load Next Story