فیڈریشن کپ ٹینس روسی پلیئرز آج آسٹریلیا کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گی

دو روزہ ورلڈ گروپ مقابلوں کا آج آغاز، اٹلی کا مقابلہ امریکا سے ہوگا، اسپین کی ٹیم جمہوریہ چیک کا سامنا کرے گی


Sports Desk February 08, 2014
سلواکیہ کیخلاف جرمن ٹیم ورلڈ نمبر 9 انجلیک کیربر،اندریا پیٹکووچ، جولیا گوریجس اوراینا لینا گرونفیلڈ پر مشتمل ہوگی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

فیڈریشن کپ ٹینس ورلڈ گروپ کے ابتدائی رائونڈ کا آغاز آج سے دنیا کے مختلف ممالک میں ایک ساتھ ہو گا۔ اٹالین سائیڈ کو امریکی چیلنج درپیش ہوگا، اسپین کی سائیڈ چیک ریپبلک کیخلاف میدان میں اترے گی۔ جرمنی اور سلواکیہ آمنے سامنے ہونگے جبکہ آخری مقابلے میں آسٹریلیا اور روس کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق فیڈریشن کپ ٹینس ورلڈ گروپ کے ابتدائی رائونڈ کیلیے میدان آج سے سجے گا۔ نیویارک میں اٹلی کیخلاف میزبان ٹیم کو ورلڈ نمبر 37 میڈیسن کیز کا ساتھ حاصل ہوگا، اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں عالمی نمبر 46 الیسن ریسکے، کرسٹینا میچل اورلائورا ڈیوس شامل ہیں، اٹالین سائیڈ ورلڈ نمبر 40 کرن کنیپ، کمیلا جیورجی، نستاسجا برنٹ اور الیسے میتھیوسی پر مشتمل ہے۔ جمہوریہ چیک کیخلاف اسپین میں شیڈول مقابلوں میں میزبان ٹیم میں عالمی رینکنگ میں 17 نمبر کی کھلاڑی کارلا سواریز ، ماریا اسٹریسا، سلویا سولر اور لارا اروبارینا شامل ہیں، چیک سائیڈ میںلوسیا سفارووا، کارلا زاکاپولووا ، باربورا اور آندریا ہیلکووا شریک ہونگی۔

 photo 7_zps07a05b50.jpg

سلواکیہ کیخلاف جرمن ٹیم ورلڈ نمبر 9 انجلیک کیربر،اندریا پیٹکووچ، جولیا گوریجس اوراینا لینا گرونفیلڈ پر مشتمل ہوگی جبکہ سواکین سائیڈ میں ڈومینکا ،ڈنیلا ہنچووا،میگڈلینا اور جانا کیپلووا شامل ہیں۔ ورلڈ گروپ روس اور آسٹریلیا کے مابین آخری پہلے رائونڈ مقابلے میں آسٹریلوی سائیڈ کو عالمی رینکنگ میں 16 مقام پر موجود سمانتھا اسٹوسر کا ساتھ حاصل ہے، دیگر پلیئرز میں کیسی ڈیلوکا، ایشلیگ بارٹی اوراسٹوم سینڈر شامل ہیں۔ رشین ٹیم وکٹوریا کین، ارینا خاروماچیوا، والیریا اور ورونیکا پر مشتمل ہوگی۔ ورلڈ گروپ کے پہلے مرحلے کی کامیاب ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی جہاں پر ان کا سامنا19 اور 20 اپریل ہوگا، فیڈریشن کپ کا فیصلہ کن معرکہ 8 اور 9 نومبر کو شیڈول ہے۔