300 اور سنچری سنگاکارا گراہم گوچ کے بعد دنیا کے دوسرے بیٹسمین بن گئے

مجموعی طور پر 424 رنز بٹور کر کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سنگاکارا نے تیسرا نمبر حاصل کرلیا

چٹاگانگ: سری لنکن بیٹسمین سنگاکارا دوسری اننگز میں آئوٹ ہونے پر پویلین واپس جارہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا ایک ہی ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری اور سنچری بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین بن گئے، ان سے قبل سابق انگلش بیٹسمین گراہم گوچ یہ منفرد کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔


انھوں نے پہلی باری میں 319 جبکہ دوسری اننگزمیں 105رنز اسکورکیے، اگرچہ اس اننگز کے دوران انھیں 36 کے انفرادی اسکور پر ایک چانس بھی ملا، جب بنگلہ دیشی فیلڈر ناصر حسین نے شکیب کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر ان کاکیچ ڈراپ کیا، اس کے علاوہ دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 424 رنز بٹور کر کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سنگاکارا نے تیسرا نمبر حاصل کرلیا، انھوں نے پہلی باری میں 319 کے بعد دوسری کاوش میں بھی 105رنز اپنے نام جوڑے، سب سے زیادہ 456رنز بنانے کا اعزاز سابق انگلش بیٹسمین گراہم گوچ (333 اور 123) کو بھارت کیخلاف لارڈز میں 1990 میں بنانے کا اعزاز حاصل ہے، اس کے بعد پشاور میں 1998 میں پاکستان کیخلاف آسٹریلوی بیٹسمین مارک ٹیلر نے 426رنز بنارکھے ہیں، جس میں 334 ناٹ آئوٹ اور 92 کی اننگز شامل ہیں، پاکستان کی جانب سے یونس خان کے ایک میچ میں 351رنز سب سے زیادہ رنز ہیں، جو انھوں نے 2005 کے بنگلور ٹیسٹ میں بھارت کیخلاف 267 اور84 ناٹ آئوٹ کی صورت بنائے تھے۔
Load Next Story