ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ 179 روپے سے نیچے آگئے

اسٹاف رپورٹر  پير 6 دسمبر 2021
انٹربینک میں ڈالر 29 پیسے کمی سے 176.46 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 178.50 روپے پر بند ہوا (فوٹو : فائل)

انٹربینک میں ڈالر 29 پیسے کمی سے 176.46 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 178.50 روپے پر بند ہوا (فوٹو : فائل)

 کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں طلب برقرار رہنے سے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پیر کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ایک بار پھر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 179 روپے سے نیچے آگئے۔

سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 25 ارب 49 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرجانے کے مثبت اثرات زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں پر مرتب ہوئے۔

کاروبار کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 19 پیسے کے اضافے سے 176.95 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی لیکن کچھ دیر بعد ہی ڈیمانڈ گھٹنے سے ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار ہوئی جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 176.14 روپے کی سطح پر آگئی تھی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر 29 پیسے کی کمی سے 176.46 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے کی کمی سے 178.50 روپے پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ سعودی فنڈ ملنے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے جو ڈھائی ماہ کے درآمدی بل کی ادائیگیوں کے لیے کافی ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔