ذکا اشرف کو ہٹانے کا فیصلہ بہت پہلے ہوچکا تھا طلعت حسین

حکومتی اقدام چیلنج ہوسکتا ہے،وکیل، کرکٹ کا مستقبل روشن نظر نہیں آ رہا، اقبال بیگ

پی سی بی کے بارے میں نواز شریف نے جو رویہ اپنایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔طلعت حسین۔ فوٹو : فائل

ایکسپریس کے کالم نگار اور تجزیہ کار طلعت حسین نے کہاہے کہ پی سی بی کے بارے میں نواز شریف نے جو رویہ اپنایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہ وہ اس بات کے عینی شاہد ہیں کہ بگ تھری کے معاملے سے بہت پہلے یہ بات طے ہو گئی تھی ۔ جب وہ وزیراعظم کے ساتھ مالاکنڈ جا رہے تھے اور سلیم صافی بھی ساتھ تھے تو اس روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کو بحال کرنے کا فیصلہ سنایا۔ موبائل پر جب یہ خبر آئی توانھوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ کے پسندیدہ شخص کو چیئرمین سے ہٹا دیا گیا ہے تو وزیراعظم نے کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر کہا کہ ہم سپریم کورٹ چلے جائیںگے ، یہ علاج تو موجود ہے۔ نواز شریف اس کو غلط طور پر حل کر رہے ہیں۔




یہ ان کی اپنی پالیسی ہے ، نجم سیٹھی ایک مہرہ ہے، اس کو سفید پر کھڑا کردیں تو کھڑا ہو جائے گا اور کالے پر کھڑا کردیں گے تو وہاں کھڑا ہو جائے گا۔ ذکا اشرف کے وکیل افنان کریم کنڈی نے کہا حکومت نے جو قدم اٹھایا ہے وہ قانون اور آئین کے تحت ہائیکورٹ میں چیلنج ہو سکتا ہے، وہ تو یہاں تک کہیں گے کہ چونکہ کرکٹ ہمارا قومی کھیل ہے تو اگر سپریم کورٹ بھی اپنی دانست میں اگر مناسب سمجھے تو آرٹیکل 184/cکے تحت سو موٹو ایکشن بھی لے سکتی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے اسپورٹس اینکر پرسن مرزا اقبال بیگ نے کہا انھیں پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن نظر نہیں آ رہا ہے، صورتحال بہت غیر یقینی ہے، کھلاڑیوں کو یہ نہیں پتہ کہ کوچ کون ہوگا، سلیکٹرکون ہو گا' یہ غیر یقینی کیفیت پاکستان کرکٹ کو مزید تباہی کی جانب لے جائے گی۔
Load Next Story