کراچی آنے کا بنیادی مقصد یہاں کے ابترحالات کا جائزہ لینا ہے چوہدری نثارعلی

وزیرداخلہ اپنے دورے کے دوران گورنر سندھ سے ملاقات اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی کے ہمراہ ایم کیو ایم کے سینیٹر بابر غوری بھی کراچی پہنچے ہیں۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ یہاں آنے کا بنیادی مقصد گزشتہ چند ہفتوں سے شہر کے ابتر حالات کا تجزیہ اور صوبائی حکومت سے مشورہ کرنا ہے۔

ایم کیو ایم کے سینیٹر بابر غوری کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انہتائی غیرمعمولی انتظامات کئے گئے تھے، وزیر داخلہ اپنے دورہ کراچی کے دوران گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقات اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کراچی میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جہاں انہیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز سندھ اور پولیس حکام کی جانب سے صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور ٹارگٹڈ آپریشن سے بریفنگ دی جائے گی۔


کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے غیر رستی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کا بنیادی مقصد گزشتہ چند ہفتوں سےشہر کے ابتر حالات کا تجزیہ اور صوبائی حکومت سے مشورہ کرنا ہے۔ کراچی کے حالات کا ازسر نوع جائزہ لیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان بحال کرنا مشکل اور گھمبیر مسئلہ ہے۔ کوشش کریں گے کہ کراچی آپریشن کے پہلے 3 ماہ میں جو کامیابیاں حاصل ہوئیں وہ دوبارہ حاصل ہوں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ میڈیا پر کھڑے ہو کر دھول پیٹنے کے بجائے خاموشی سے کام کیا جائے اور مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے انٹیلی جنس ایجنسیز کے کاموں میں کوآرڈینیشن لائے ہیں جب کہ کراچی میں بہت ساری کارروائیاں انٹیلی جنس شیئرنگ کے حوالے سے ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ قومی اور پاکستان کے ہر فرد کا ہے۔ ہم ایک طرف ان قوتوں کے خلاف سختی سے کاربند ہیں جو امن و مان میں خلل ڈالتے ہیں جب کہ مذاکرات کرنے والوں سے بات بھی کررہے ہیں لیکن یہ بات واضح ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا ایک طرف مذاکرت اور دوسری طرف دہشت گردی کارروائی چلتی رہیں۔
Load Next Story