راولپنڈی میں استاد کے ہاتھوں 12 سالہ بچی کا قتل

21 سالہ عادل سپارہ پڑھانے گھر آتا تھا، گھر والوں نے ٹیوشن کہیں اور لگادیا تو ملزم نے ٹیوشن سینٹر جاکر اسے قتل کردیا

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا—فوٹو

راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں استاد نے 12 سالہ بچی کو گردن پر وار کر کے قتل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والا ملزم 21 سالہ عادل 12 سالہ بچی بریرہ کو سپارہ پڑھانے کے لیے ان کے گھر جاتا تھا۔ چند دن قبل بچی کے والدین نے شک کی بنیاد پر اسے پڑھانے سے روک دیا۔

پیرکو بچی محلے کے ٹیوشن سینٹر گئی تو ملزم عادل بھی وہاں پہنچ گیا اور سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کی گردن پر تیز دھار آلے سے وار کرکے اسے قتل کردیا۔


واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پہنچ کر شواہد جمع کیے اور بچی کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی۔ سی پی او عمر سعید ملک نے سنگین واقعے کا نوٹس لے کر سینئر پولیس حکام کو موقع پر پہنچنے کی ہدایات دیں۔


ایس پی راول بابر جاوید جوئیہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی چھان بین میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ بچی کے گھر والے اس پر شک کرتے تھے اس وجہ سے یہ قدم اٹھایا، ملزم سے تمام زاویوں کو مدنظر رکھ کر تحقیقات کی جارہی ہیں، حتمی صورتحال مزید تفتیش میں واضح ہوگی۔


پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ سی پی او عمر سعید ملک نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

Load Next Story