امریکا یوکرین تنازع کے بہانے خطے میں جنگ کو ہوا دے رہا ہے چین

یوکرین تنازع پر تمام فریقین کو ایک دوسرے کو اہمیت دیں اور ایک دوسرے کے سیکیورٹی خدشات کو دور کریں، ترجمان چین

امریکا خطے میں تناؤ میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، چینی وزارت خارجہ (فوٹو: فائل)

چین نے روس پر پابندیاں عائد کرنے پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ یوکرین کے معاملے کو ہوا دے رہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکا کی جانب سے روس پر پابندیوں اور یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کے اعلان کی مذمت کی ہے اور اس اقدام کو خطے میں جنگ کے مترادف قرار دیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوئیننگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کا اقدام تناؤ میں اضافہ، خوف و ہراس پھیلانے اور جنگ کو ہوا دینے کا سبب بن رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : یوکرین تنازع: امریکا کا روس پر پابندیوں کا اعلان


ہوا چوئیننگ نے امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی جلتی پر تیل ڈالے اور اس کا الزام بھی دوسروں پر دھرے تو یہ غیر زمہ دارانہ اور غیر اخلاقی عمل کہلائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : روس کا یوکرین میں باغیوں کے علاقوں کو آزاد ریاستیں تسلیم کرکے فوج بھیجنے کا اعلان

ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ یوکرین تنازع پر تمام فریقین کو ایک دوسرے کو اہمیت دیں اور ایک دوسرے کے سیکیورٹی خدشات کو دور کریں تاکہ مشاورت اور مذاکرات سے اس مسئلے کا پُرامن حل نکل سکے۔

یہ خبر پڑھیں : یوکرین کے وزیر دفاع کا فوج کو روس کیخلاف جنگ کیلیے تیار رہنے کا حکم

واضح رہے کہ روس کے کورین کے دو صوبوں کو خود مختار ریاستیں تسلیم کرنے اور وہاں اپنی فوجیں بھیجنے کے اعلان پر امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کرکے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کا یقین دلایا ہے۔
Load Next Story