تحریک عدم اعتماد حکومتی وزرا کی آئندہ ہفتے اجلاس بلانے کی تجویز

حکومتی وزرا نے او آئی سی اجلاس سے قبل تحریک عدم اعتماد کا معاملہ نمٹانے کو حکومت کی بڑی فتح قرار دیا

(فوٹو فائل)

ISLAMABAD:
حکومتی وزرا نے اسپیکر اسمبلی کو اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر آئندہ ہفتے اجلاس بلانے کی تجویز پیش کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر ہاؤس میں حکومتی وزرا کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے زیادہ وقت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومتی وزرا نے او آئی سی اجلاس سے قبل تحریک عدم اعتماد کا معاملہ نمٹانے کو حکومت کی بڑی فتح قرار دیا۔

اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ حکام سے اجلاس کے مقام کے حوالے سے مشاورت کی، جس پر حکام نے بتایا کہ قومی اسمبلی ہال میں کارپٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، آئندہ 3 روز میں او آئی سی اجلاس کے حوالہ سے پارلیمنٹ کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے حکمت عملی تیار کرلی


حکومتی وزرا نے تجویز دی کہ تحریک عدم اعتماد پر تین دن بحث کے بعد آئندہ ہفتے ہی ووٹنگ کروائی جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی وزیراعظم کے خلاف جمع تحریک عدم اعتماد پر کام شروع ہوگیا، جس پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن کی تصدیق کا عمل کیا، تحریک اور ریکوزیشن پر ارکان کے دستخط کی تصدیق کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ دستخطوں کی تصدیق کے بعد ارکان کو نوٹس جاری کرنے کا عمل شروع ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تجویز پر بریفنگ اور مشاورت پر حتمی فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کریں گے۔ واضح رہے کہ آئین کے تحت ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد اجلاس 14 دن میں بلانا ہوتا ہے، عدم اعتماد کے 14 دن 22 مارچ مکمل ہوں گے۔
Load Next Story