حکومت سکھر بیراج کی حالت سے غافل نہیں قائم علی شاہ

ماہرین کے مطابق بیراج مزید50 سال چلے گا، چینی ماہرین نے13بند دروازے کھولنے کا کہا

برطانوی ماہرین کی رپورٹ کا انتظار ہے، اسمبلی میں ہیر سوہو کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وضاحت فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سکھر بیراج کی حالت سے غافل نہیں ہے،۔


ماہرین کے ساتھ کئی اجلاس منعقد ہوچکے ہیں، اکثریت کی رائے یہ ہے کہ یہ بیراج مزید50 سال چل سکتا ہے، اگر بین الاقوامی ماہرین نے متفقہ رائے دی کہ نئے بیراج بنانے کی فوری ضرورت ہے تو حکومت نیا بیراج بنائے گی کیونکہ سندھ کی زرعی معیشت کا بڑا انحصار اس بیراج پر ہے ۔ پیر کو سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکھر بیراج کے حوالے سے کئی اجلاس منعقد کیے جاچکے ہیں جن میں آبپاشی کے ماہرین اور سابق سیکریٹریز آب پاشی کو بلایا گیا تھا، اکثریت کی رائے یہ تھی کہ یہ بیراج مزید 50سال تک چل سکتا ہے۔ ایک رائے یہ بھی تھی کہ متبادل بیراج ہونا چاہیے۔

ہم نے چین کے ماہرین کو بھی بلایا تھا۔ ان کی بھی یہ رائے تھی کہ یہ بیراج نہیں ٹوٹے گا البتہ ان کا یہ کہنا تھا کہ اس کے 13بند دروازوں کو کھولا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت بیراج سے 9 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ ہوسکتا ہے لیکن 2010 کے سیلاب میں یہاں سے 12 لاکھ کیوسک پانی بھی گزرا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اس بیراج کی گنجائش کو بڑھایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے برطانوی ماہرین کو بھی بلایا تھا کیونکہ یہ بیراج برطانوی انجینئرز نے ہی بنایا تھا، برطانوی ماہرین کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
Load Next Story