آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ پربال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کردیا

ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ گلوزسے گیند رگڑتے رہے، امپائرز سے شکایت کرینگے، وارنر

ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ گلوزسے گیند رگڑتے رہے، امپائرز سے شکایت کرینگے، وارنر۔ فوٹو: فائل

دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد آسٹریلیا نے ڈھکے چھپے الفاظ میں جنوبی افریقہ پربال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کردیا۔


اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ابراہم ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ گلوز سے گیند رگڑتے رہے، ریورس سوئنگ کیلیے 'محنت' ہم بھی کرتے ہیں مگر پروٹیز نے تو حد ہی پار کردی، امپائرز سے اس بارے میں باقاعدہ شکایت کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد دال میں کچھ کالا دکھائی دینے لگا،اسے شک ہے کہ میچ میں ریورس سوئنگ کیلیے بال ٹیمپرنگ کی گئی، چوتھے روز گیند کے حد سے زیادہ ریورس سوئنگ ہونے پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر نے یہ بات تسلیم کی کہ ان کی ٹیم بھی ایڈوانٹیج حاصل کرنے کیلیے گیند پر محنت کرتی ہے مگر جس انداز میں پروٹیز وکٹ کیپرڈی ویلیئرز گیندکو ہینڈل کرتے ہیں اس بارے میں امپائرز سے بات کی جا سکتی ہے، اس سے قبل ہم نے انگلینڈ میں گیند پر محنت کی اور وہاں اسے بہت سوئنگ کیا، پھر ہم نے ایسا ہوم سیریز میں بھی کیا مگر یہاں پر یہ زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوا،اس کی وجہ آئوٹ فیلڈ اور گرائونڈ میں موجود نمی ہے، پہلے دن تو گیند کو ریورس سوئنگ کرنا ناممکن ہوتا ہے مگر ایسا اس میچ میں ہوا، آپ کو یہ پتا لگانا ہے کہ آخر ایسا ہوا کیسے، ہمارا سوال اصل میں ڈی ویلیئرز کے بارے میں ہے جس انداز میں وہ گیند کو پکڑتے اور پھر اپنے گلوز سے رگڑتے ہیں یہ معاملہ ہم امپائرز کے نوٹس میں لائیں گے۔یاد رہے کہ چار ماہ قبل جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈو پلیسی پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں گیند کو ٹرائوزر کی زپ پر رگڑتے ہوئے پائے گئے تھے،انھیں بال ٹیمپرنگ پر جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
Load Next Story