انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل تک رسائی کیلیے آج دوسرا معرکہ پروٹیز اور آسٹریلیا مقابل

فیصلہ کن معرکہ یکم مارچ کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی ہو گا


Sports Desk February 26, 2014
انڈر 19 ورلڈ کپ :دوسرے پلیٹ سیمی فائنل میں کیوی وکٹ کیپر ٹم سیفرٹ یو اے ای کے شیوانک وجے کمار کو اسٹمپڈ کررہے ہیں، ان کی ٹیم نے مقابلے میں 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو: آئی سی سی

انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کیلیے دوسرا معرکہ بدھ کو ہوگا، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، فاتح ٹیم کا ٹائٹل کیلیے میچ یکم مارچ کو پاکستان سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے پیر کو انگلینڈ کا 3 وکٹ سے شکار کرتے ہوئے ٹرافی جیتنے کی اُمیدیں روشن کر لی تھیں، بدھ کو دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ کے مقابل ہو گی، فیصلہ کن معرکہ یکم مارچ کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی ہو گا۔ دوسری جانب بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئیں، بنگال ٹائیگرز نے سیمی فائنل میں زمبابوے کو 72 رنز سے زیر کر لیا، کیویز نے متحدہ عرب امارات کو 5 وکٹ سے مات دیدی۔ سپر لیگ کی پانچویں اور چھٹی پوزیشن کیلئے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سخت مقابلے کے بعد افغانستان کو 9 رنز سے شکست دی، فاتح ٹیم کا مقابلہ بھارت سے ہو گا جبکہ ناکام ٹیم ساتویں آٹھویں پوزیشن کا تعین کرنے کیلیے سری لنکا کا سامنا کرے گی۔