عمران خان کی آمدنی میں 41 سالوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا تین سال میں ہوا وزیراطلاعات

عمران خان نے توشہ خانہ سے سستے تحفے خرید کر انہیں مہنگے داموں فروخت کیا، مریم اونگزیب

مریم اورنگزیب کے عمران خان سے سوالات

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے قیمتی تحائف کم قیمت میں خرید کر انہیں مہنگے داموں فروخت کیا، اکتالیس سالوں میں عمران خان کی آمدنی میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا تین سالوں میں ہوا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اونگزیب نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والی صرف گھڑی اٹھارہ کروڑ روپے میں فروخت کی جبکہ انہوں نے بیس فیصد رقم ادا کر کے تین چیزیں خریدیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم کی کرسی کو کاروبار کی کرسی بنایا ہوا تھا، عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کے دوران اٹھارہ تحائف حاصل کیے اور اب وہ کہتے ہیں کہ میرا تحفہ ہے تو میری مرضی۔


وزیراطلاعات نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ جو تین کروڑ روپے لیے اس کی منی ٹریل دیں، آپ کے پاس تو آمدنی اتنی نہیں تھی کہ تو یہ پیسے کہاں سے آئے، اب انہیں رسیدیں دینا پڑیں گی، یہ کہہ رہے ہیں کہ پچاس فیصد ادائیگی سے تحفے لیے جو جھوٹ پر مبنی ہے کیونکہ انہوں نے بیس فیصد سے بھی کم رقم ادا کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ کا ایف بی آر میں پرانا سے اندراج ہے، ریکارڈ کے مطابق عمران خان کی اہلیہ نے دوہزار اٹھارہ میں ٹیکس ریٹرن ادا کی. انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ تک پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی پارٹی فنڈنگ پر اعتراض نہیں اٹھایا اور نہ ہی اسٹیٹ بینک نے کبھی ہمیں کوئی مراسلہ بھیجا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جلسوں اور سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منظم سازش چلائی جارہی ہے ، پی ٹی اے کو سوشل میڈیا پر جاری مہم روکنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں اور روبوٹک ٹویٹس کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے،پہلے مرحلے میں جہاں ربوٹک سافٹ ویئر انسٹال ہیں ان کا پتا چلایا جارہا ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ وزیر داخلہ ہیں، قانون شکنی کرنے والے ہر شخص کے خلاف کارروائی ہوگی، ادویات کو مہنگا کرنے میں جس جس نے کردار ادا کیا ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی، اب شناخت پریڈ شروع ہوچکی ہے جلد ہی سب کے خلاف کارروائی ہوگی۔
Load Next Story