10 روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش ٹیوشن کے کنویں سے برآمد

پولیس نے بچے کے قتل، زیادتی اور حادثاتی موت سمیت تمام پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کردیا

راولپنڈی سے اغوا ہونے والے بچے کی لاش ٹیوشن کے کنویں سے برآمد، فائل فوٹو

ISLAMABAD:
راولپنڈی سے 10 روز قبل اغوا ہونے والے تین سالہ بچے کی لاش ٹیوشن والے گھر میں قائم کنویں سے برآمد ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقتول بچے اذان کو دس روز قبل 19 اپریل کو راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ سے اغوا کیا گیا تھا، جس کی لاش اس گھر سے برآمد ہوئی ہے جہاں وہ ٹیوشن پڑھنے جاتا تھا۔

پولیس نے لاش برآمد ہونے کے بعد بچے سے زیادتی اور قتل سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ 19 اپریل کو اغوا ہونے والے تین سالہ بچے ازان کے والد آصف نوید کی درخواست پر اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد سے پولیس بچے کو تلاش کرنے میں مصروف تھی کہ آج بچے کی لاش ٹیوشن والے گھر میں قائم کنوئیں سے برآمد ہوئی۔

بچے کی لاش ملنے کی اطلاع پر ایس پی پوٹھوہار پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پہنچے اور لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ٹیکسلا میں منتقل کردی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کے قتل، زیادتی اور حادثاتی موت سمیت تمام پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہے، حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہوں گے، بچے کے اغوا مقدمہ میں تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
Load Next Story