جامعہ کراچی ڈگری امتحانات میں بے قاعدگیوں پر تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل

امتحانات میں کاپیاں امتحانی مراکز سے باہر آنے اور حل کیے جانے کی اطلاعات ملیں

3رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا شعبہ امتحانات کو موقف اور معلومات فراہم کرنے کے لیے خط جاری،کمیٹی جواب پر تحقیق آگے بڑھائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

جامعہ کراچی نے شعبہ امتحانات کے تحت منعقدہ ڈگری امتحانات کے دوران بے قاعدگیوں پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔


تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شعبہ امتحانات کے تحت ڈگری امتحانات میں جوابی کاپیاں امتحانی مراکز سے باہر آنے اور حل کیے جانے کے اطلاعات کی تحقیق کیلیے کمیٹی بنادی ہے جو جوابی کا پیاں امتحانی مراکز سے باہر آنے کی تحقیقات کریگی انتظامیہ نے اس امر پر توجہ نہیں دی کہ کم و بیش ایک لاکھ طلبہ وطالبات کے امتحانات ویجلنس کے بغیرکیوں لیے گئے اور سینئر پروفیسرز پر مشتمل ویجلنس کمیٹیاں تشکیل کیوں نہیں دی گئی، یونیورسٹی انتظامیہ کی تحقیقاتی کمیٹی نے امتحانی کاپیاں مراکز سے باہر جانے کی اطلاعات پر شعبہ امتحانات سے موقف طلب کیا ہے یہ پہلاموقع ہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شعبہ امتحانات میں بے قاعدگیوں پرکوئی قدم اٹھایا ہے اس سے قبل بے ضابطگیوں کی اطلاعات پر یونیورسٹی انتظامیہ نے شعبہ امتحانات کے معاملات سے چشم پوشی اختیارکررکھی تھی۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شعبہ امتحانات کے تحت ڈگری کلاسز کے امتحانات میں سامنے آنے والی بے قاعدگیوں پررئیس کلیہ علوم پروفیسر عابد اظہر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے دیگر اراکین میں پروفیسر شکیل خان اور سیمسٹر سیل کے انچارج پروفیسر ندیم خان شامل ہیں جو 3 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی،ذرائع کے مطابق سہ رکنی کمیٹی نے تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے شعبہ امتحانات کو خط جاری کیا ہے جس میں شعبہ سے ڈگری جماعتوں کے امتحانات کے دوران جوابی کاپیاں امتحانی مراکز سے باہر آنے اور اسے حل کیے جانے کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ،تحقیقاتی کمیٹی شعبہ امتحانات کے جواب پر اپنی تحقیق آگے بڑھائے گی۔
Load Next Story