حکومت کا بھی طالبان کیخلاف فضائی حملے روکنے کا اعلان

تشدد کی کسی بھی کارروائی کیخلاف حکومت اور افواج پاکستان مناسب جوابی اقدام کاحق بہرحال محفوظ رکھتے ہیں،چوہدری نثار


Numaindgan Express March 03, 2014
مسلسل کوششوں سے بالآخر عسکریت پسندوں نے بھی جنگ بندی کا اعلان کردیاجو خوش آئند ہے،نوازشریف،فوٹو: فائل

طالبان کی طرف سے عارضی جنگ بندی کے فیصلے کے بعد حکومت نے بھی فضائی حملے معطل کرنے کااعلان کیا ہے۔

گزشتہ روزایک بیان میں وزیرداخلہ چوہدری نثار نے طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی جنگی طیاروں کے حملے روک رہی ہے تاہم انھوں نے واضح کیا کہ کسی بھی پرتشدد کارروائی کیخلاف حکومت اور افواج پاکستان بہرحال مناسب جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے اس وقت سے کوئی باقاعدہ فوجی آپریشن کیا گیا نہ کسی قسم کی بلاجواز کارروائی کی گئی۔ اس دوران جو بھی کارروائی ہوئی ہے وہ تشدد کی کارروائیوں کے ردعمل میں اور انھیں روکنے کیلیے کی گئی ہے۔ طالبان کی طرف سے گزشتہ روز کے مثبت اعلان کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ چند روز سے جاری فضائی کارروائی کو بھی معطل کردیا جائے۔ دوسری جانب طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے حکومت کے فیصلے کاخیرمقدم کیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جاتی امرأ رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے مختلف جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے حکومت کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریگی۔ حکومت کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں بالآخر عسکریت پسندوں نے بھی جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے جو خوش آئند ہے۔ ہماری پہلی ترجیح ملک میں امن وامان قائم کرنا، توانائی بحران کا خاتمہ اور معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرکے پاکستان کو عالمی برادری میں قابل عزت مقام دلانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آمریتوں اور کرپشن نے ملک کو جس دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے، اس سے نکالنے کیلیے مسلم لیگ ن کی حکومت تمام شعبوں پر خصوصی توجہ مبذول کیے ہوئے ہے۔

اپنے وعدوں کی تکمیل کیلیے نیک نیتی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور انشااللہ تمام وعدے پورے کرینگے۔ملک کو امن وامان کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر طرح کی کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ نوازشریف نے کہا کہ چین کی طرف سے پاکستان کیلیے 32 ارب ڈالر پیکیج کااعلان ہماری سابق حکومتوں کے ٹریک ریکارڈ اور گڈگورننس کا ثمر ہے جس کی وجہ سے اب غیرملکی سرمایہ کار اور حکومتیں پاکستانی حکومت پر اعتماد کرکے توانائی، مواصلات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ ہماری حکومت انشااللہ موجودہ دور میں قوم کو لوڈشیڈنگ اور دیگر بحرانوں سے نجات دلاکے دکھائے گی۔ وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج اپنے رفقائے کاراور عسکری قیادت سے بھی مشاورت کریں گے اور اس کے بعد ائندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

مقبول خبریں