کیا وزیراعظم شہباز شریف نے کنگنا رناوت کیلئے تعریفی ٹوئٹ کی تھی
کنگنا رناوت کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری کے خوب چرچے ہو رہے ہیں(فائل فوٹو)
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں۔
اس اسٹوری کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے کئے گئے ایک پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
اس پیغام میں وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کی جانب سے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی صلاحیتوں کو خاصا سراہا گیا ہے اور ان کی آنے والی فلم دھاکڑ میں ان کی بہترین کارکردگی کے لئے تعریفی کلمات کہے گئے ہیں۔
لیکن یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ کیا واقعی مشکل ملکی صورتحال سے نبردآزما وزیراعظم پاکستان کے پاس اتنی فرصت ہے کہ وہ بھارتی اداکارہ کی پرفارمنس دیکھ کرپھرسوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کے لئے تعریفی کلمات بھی کہیں گے؟
خیال رہے کہ وزیراعظم کے نام سے منسوب کیا جانے والا یہ جعلی اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے جبکہ شہباز شریف کے فوکل پرسن ابوبکر نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنانے والے 'رمیز راجہ لائیو' نامی ٹوئٹر صارف کو ٹریس کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہےاور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جاچکا ہے۔