پولیس ہیڈ کوارٹر میں اہلکار کی پُراسرار موت

متوفی پولیس اہلکار کی شناخت 25 سالہ ساجد کے نام سے کی گئی

—فوٹو:

ملیر سعود آباد پولیس ہیڈ کوارٹر ایسٹ کی چھت سے پولیس اہلکار کی لاش ملی جو فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں جاں بحق ہوگیا۔


اس حوالے سے ایس ایچ او سعود آباد خالد میمن نے بتایا کہ متوفی پولیس اہلکار کی شناخت 25 سالہ ساجد کے نام سے کی گئی جس کی لاش 2 منزلہ پولیس ہیڈکوارٹر کی چھت سے ملی تھی۔


انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس اہلکار نے اپنی سرکاری ایس ایم جی سے خود کو سر پر گولی مار کر خودکشی کی ہے جبکہ متوفی کے قریب سے اس کی سرکاری ایس ایم جی بھی پڑی ہوئی ملی ہے جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متوفی سعود آباد پولیس ہیڈکوارٹر میں تعینات اور لانڈھی فیوچر کالونی کا رہائشی تھا۔ انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا تاہم پولیس متوفی کے اہلخانہ سے اس کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس اہلکار کی ہلاکت کے حوالے سے کراچی پولیس چیف جاوید اوڈھو نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ کو فوری طور پر واقعہ کی انکوائری کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ انکوائری افسر فائرنگ کے محرکات اور دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کریں۔
Load Next Story