جرائم پیشہ عناصرکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائےعبداللہ ذکی

پولیس کواسٹیٹ آف دی آرٹ ہتھیارفراہم،امن کیلیے موثرحکمت عملی اختیار کی جائے

وفاقی حکومت شہرکی صورتحال کو مانیٹر،تاجربرادری کو آن بورڈ لیا جائے، ادریس میمن فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے شہر بالخصوص تجارتی مراکزاوراسٹیل مارکیٹ میں مکمل امن قائم ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


یہ بات کراچی چیمبر کے صدرعبداللہ ذکی نے کراچی آئرن اینڈ اسٹیل کی تنظیم ''کسما'' کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کسما کوبھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر آف کامرس وفاقی حکومت کو ان کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کرے گا۔ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کے لیے پولیس کواسٹیٹ آف دی آرٹ ہتھیاروں سے لیس کیا جائے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھی پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنایاجاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حساس علاقوں میں پولیس اہلکار پرانی موٹر سائیکلیں اور موبائلوں میں گشت کرتے ہیں جبکہ نئی اور اچھی گاڑیاں وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر معمور نظرآتی ہیں جومتاثرہ علاقوں کے لیے مشکلات کا باعث ہیں۔

کے سی سی سی آئی کے صدر نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ امن وامان کی غیر تسلی بخش صورتحال کا نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ پولیس کوجدید ہتھیاروں سے لیس کریں تاکہ سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایاجاسکے اور تاجربرادری کو ریلیف مل سکے۔ کے سی سی آئی کے نائب صدرمحمد ادریس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ امن وامان کے قیام اور تاجربرادری کی جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو گئے ہیں۔انہوں نے اولڈ سٹی ایریا میں امن و امان کی خراب صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ درجنوں تاجروں نے اس حوالے سے کے سی سی آئی سے رابطہ کیا ہے۔ ادریس میمن نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت اسے خصوصی طور پر مانیٹر کرے نیز تاجربرادری کو آن بورڈ لیا جائے۔
Load Next Story