لاہور چالان کرنے پر وکلا کا ٹریفک وارڈن پر بہیمانہ تشدد

سی ٹی او لاہور کی تشدد کرنے والے وکلا کے لائسنس معطلی کے لیے پنجاب بار کو خط لکھنے کی ہدایت کی

10 سے 15 وکلا نے پی ایم جی چوک پر موجود نہتے وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا

صوبائی دارالحکومت میں وکلا کے گروپ نے چالان کرنے پر ٹریفک وارڈن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق ٹریفک وارڈن اکرم نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے پر چالان کیا اور کاغذات نہ دینے پر موٹرسائیکل تھانہ پرانی انارکلی میں بند کروادی۔ جس پر ایک گھنٹے بعد 10 سے 15 وکلا نے پی ایم جی چوک پر موجود نہتے وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا


ایس پی ٹریفک شہزاد خان کے مطابق وکلا نے اپنے عزیز کا چالان کرنے پر وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اکرم شدید زخمی ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا۔ وارڈن کو میو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ ٹریفک پولیس حکام نے جائے وقوع پہنچ کر معلومات حاصل کیں۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وارڈن کے بہترین علاج کی ہدایت اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے تشدد کرنے والے وکلا کے لائسنس معطلی کے لیے پنجاب بار کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔
Load Next Story