مریم نواز نے شکست تسلیم کرلی مگر آصف زرداری نوٹ لے کر پنجاب میں بیٹھے ہیں شاہ محمود قریشی

ہمیں سازش اور مداخلت کے ذریعے بھیجا گیا، شاہ محمود قریشی

فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک طرف مریم نواز کہتی ہیں ہم نے اپنی ہار تسلیم کی ہے دوسری طرف آصف زرداری نوٹ لے کر پنجاب میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے تمام چیزیں کلیئر کردی ہیں،غل غپاڑے سے اب کچھ نہیں چل سکتا، ضمیر خریدنے کی مہارت حکومت کے پاس ہے۔

اب کوئی اپنی وفاداری تبدیل کرتا ہے تو بے وقت ہوجاتا ہے، ممبران ہیں اپنی پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے۔ امید کرتا ہوں آئینی اور قانونی طریقے سے معاملہ چلے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ حلف اٹھانے والے اراکین اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ ن لیگ کے اراکین نے حلف اٹھایا ہے۔

حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں جو حلف اٹھایا تھا امید ہے اس پر کاربند رہیں گے، چوہدری پرویز الہٰی ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، عوام نے عمران خان کی تائید کی ہے، عوام نے ضمنی الیکشن میں بھرپور کردار ادا کیا۔


پنجاب حکومت نے ہمارے لئے مشکلات پیدا کیں،ہمیں سازش اور مداخلت کے ذریعے بھیجا گیا،ن لیگ کے لوگوں نے بے پناہ پیسہ چلایا، لوگوں نے عمران خان کی بات کو تسلیم کیا۔

امید کرتا ہوں کل کا اجلاس اسی طرح ہوگا جس طرح بات ہوئی تھی، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان قائم رکھیں۔

"اب فیصلے عوام کریں گے"

اسمبلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی اسد عمر کا کہنا تھا کہ مصنوعی نظام ختم ہورہا ہے، نئے الیکشن کی طرف جارہے ہیں،جو الیکشن کروارہا ہے اس پر عوام کو اعتماد ہونا چاہیے۔جمہوریت کیلئے آزاد الیکشن کمیشن ضروری ہے،کہوٹہ کی سیٹ پر صرف اننچاس ووٹ کا فرق تھا اس کی گنتی ہونی چاہیے،

سپریم کورٹ کی واضح ہدایت ہے کہ آسان اور محفوظ طریقے سے ایم پی ایز کو لے کر آنا ہے،اسد عمر کاکہنا تھا کہ فارن فنڈنگ نہیں پراویڈینٹ فنڈنگ کا کیس ہے،ہم بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ن لیگ ، پی پی پی اور تحریک انصاف کا فیصلہ ایک ساتھ سنایا جائے ہم ویلکم کریں گے۔
Load Next Story