طالبان سے مذاکرات میں پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی حاصل کی جائے عمران خان

طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومتی کمیٹی میں رستم شاہ مہمند ہمارے نمائندے ہیں، چیرمین تحریک انصاف

ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ہم سب کو چاہئے کہ ایک پیج پر رہیں، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ہماری یہ تجویز مان لی ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے دوران اس بات کی بھی یقین دہائی حاصل کی جائے کہ قبائلی علاقوں میں انسداد پولیو ٹیموں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا بلکہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کا بہت مشکور ہوں کہ وہ دعوت پر ہمارے پاس تشریف لائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی اور امن قائم کرنا ہے اور ملک میں قیام امن کے لئے دباؤ کے باوجود وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ بالکل درست کام کررہے ہیں اور مذاکرات کو پورا موقع فراہم کررہے ہیں۔ ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ مذاکرات ناکام ہوں لیکن ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ہم سب کو چاہئے کہ ایک پیج پر رہیں۔


عمران خان نے کہا کہ میں حکومت کو داد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مذاکرات کی وجہ سے شدت پسند گروپوں کو تقسیم کردیا، یہ واضح ہوگیا ہے کہ کون مذاکرات اور کون لڑنا چاہتا ہے۔ وزیرستان کے تمام بڑے گروپ حکومت سے مذاکرات کو ترجیح دے رہے ہیں لیکن جو گروپ مذاکرات کو سبوتاژ کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج 10 سال بعد مذاکرات پر قومی اتفاق رائے پیدا ہورہا ہے طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومتی کمیٹی میں رستم شاہ مہمند ہمارے نمائندے ہیں۔

 
Load Next Story