اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری؛ سلامتی کونسل نے اجلاس طلب کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 7 اگست 2022
اسرائیل کی دو روز سے جاری بمباری میں 32 فلسطینی شہید ہوگئے، فوٹو: فائل

اسرائیل کی دو روز سے جاری بمباری میں 32 فلسطینی شہید ہوگئے، فوٹو: فائل

جنیوا: اسرائیل کی غزہ پر بمباری آج دوسرے روز بھی جاری رہی جس پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے کل اجلاس طلب کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسرائیل کے وحشیانہ عمل پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا۔

اجلاس میں رکن ممالک اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کریں گے اور بمباری کو رکوانے میں اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔ علاوہ ازیں مصر نے بھی اسرائیلی بمباری کو رکوانے کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطہ کیا ہے۔

مزاحمتی تنظیم اسلامک جہاد کے خلاف آپریشن کے نام پر اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری دو روز سے جاری ہے جس میں مجموعی طور پر 6 بچوں سمیت 32 افراد شہید جب کہ 250 کے قریب زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مئی میں اسرائیل نے غزہ پر مسلسل 11 روز تک بمباری کی تھی جس میں 250 فلسطینی شہید اور 13 اسرائیلی شہری مارے گئے تھے جس کے بعد مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔