پاکستان شامی باغیوں کو نہ تو اسلحہ بھیج رہا ہے اور نہ ہی لڑنے کیلئے لوگ مشیر خارجہ

سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر قرض کے طورپر نہیں دیا اورنہ ہی ہم خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی کررہے ہیں، سرتاج عزیز

پاکستان کو ایران اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں توازن رکھنا ہوگا، سرتاج عزیز فوٹو: فائل

MULTAN:
وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد غیرمشروط ہے شامی باغیوں کونہ تو اسلحہ بھیج رہے ہیں اور نہ ہی لڑنے کے لئے لوگ۔

سینیٹر حاجی عدیل کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران مشیر خارجہ نے بعض امور پر میڈیا کے نمائندوں کے سامنے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا اور انہوں نے امریکی سی آئی اے کے سربراہ ، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان اور سرحدی کشیدگی کے حوالے سے ان کیمرہ بریفنگ دی۔


اجلاس کے دوران مشیر خارجہ نے بتایا کہ سعودی عرب سے ملنے والی امداد غیر مشروط ہے، سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر قرض نہیں بلکہ تحفہ دیا ہےجب کہ اس کے بدلے ہم اپنی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے، حکومت نے شام کے مسئلے پر یوٹرن لیا ہے نہ ہی شام اسلحہ یا جنگجو بھیج رہے ہیں۔ پاکستان شام کےبارے میں جنیوا ون اور ٹو معاہدوں کی حمایت کرتا ہے۔ سعودی عرب کا وفد معیشت، دفاع اور تجارت کے شعبوں میں فروغ کیلئے آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایران اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں توازن رکھنا ہوگا اور اس سلسلے میں وزیراعظم جلد ایران کا دورہ کریں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری خارجہ چوہدری اعزاز احمد نے اپنی بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا کہ سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر 3 ہزار 448 پاکستانیوں کو ہنگامی بنیادوں پر پاسپورٹ جاری کئے ہیں تاکہ انہیں وطن واپس لایا جا سکے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے اور حکومت کے درمیان ان پاکستانیوں کو ایک ہزار ریال میں واپس لانے کا بھی معاہدہ ہوا ہے۔

 
Load Next Story