افغانیوں کی دبئی میں پاکستانی پرچم کی توہین کا معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

گرین پاسپورٹ پر دبئی گئے اور ہمارے ہی پرچم کی توہین کی، ڈی پورٹ ہوکر واپس آئے انکے خلاف کارروائی کی جائے،نور عالم خان

گرین پاسپورٹ پر دبئی گئے اور ہمارے ہی پرچم کی توہین کی، ڈی پورٹ ہوکر واپس آئے انکے خلاف کارروائی کی جائے،نور عالم خان (فوٹو: فائل)

افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ پر دبئی جاکر پاکستانی پرچم کی توہین کرنے کا معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا، ارکان اسمبلی نے ملوث افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے دبئی میں کرکٹ میچ ہارنے پہ پاکستانی پرچم کی توہین کا معاملہ ایوان میں اٹھا دیا۔

نور عالم خان نے کہا کہ افغان شائقین جو پاکستانی پاسپورٹ پہ عرب امارات گئے انہوں نے پاکستانی پرچم کی توہین کی، انہوں نے پاکستانیوں پہ تشدد بھی کیا، وہ ڈی پورٹ ہو کر واپس پاکستان پہنچے، ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟


ان کے سوال پر وزیر مملکت برائے داخلہ عبد الرحمان کانجو نے کہا کہ وہ ڈی پورٹ نہیں ہوئے جس پر نور عالم خان بولے کہ جی وہ ڈی پورٹ ہوئے تھے، ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟ اس پر عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ وہ ڈی پورٹ ہوئے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

نور عالم خان نے کہا کہ میں نے چئیرمین نادرا کے سامنے بھی معاملہ اٹھایا تھا مگر ان کا ریکارڈ نہیں تھا۔

اسی معاملے پر رکن اسمبلی محمود بشیر ورک نے کہا کہ جنہوں نے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی، پاکستانیوں پر تشدد کیا ان کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہیے، ان کی کیسے جرأت ہوئی کہ وہ پاکستانی پرچم کی توہین کریں۔
Load Next Story