وفاقی پولیس میں اعلیٰ عہدوں میں تبدیلیوں کے بعد افسران میں اختلافات پیدا ہوگئے

خالد خٹک مجھ سے 7 سال جونیئر ہیں لہذا انہیں آئی جی اسلام آباد تعینات کرنا ناانصافی ہے، سلطان تیموری

وزیرداخلہ نے گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے تھےا۔ فوٹو؛فائل

ایف ایٹ کچہری پر حملے کے بعد گزشتہ روز وفاقی پولیس میں اعلیٰ عہدوں میں تبدیلیوں کے بعد افسران میں اختلافات پیدا ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز وزارت داخلہ کی جانب سے ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر رضوان کو ہٹا کر اے آئی جی سلطان تیموری کو ایس ایس پی آپریشن کا اضافی چارج سونپا گیا تھا جب کہ آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کو ہٹا کر ڈی آئی جی خالد خٹک کو آئی جی اسلام آباد کا اضافی چارج دیا گیا تھا تاہم اے آئی جی سلطان تیموری نے ایس ایس پی آپریشن کا اضافی چارچ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ خالد خٹک ان سے7 سال جونیئر ہیں لہذا انہیں آئی جی اسلام آباد تعینات کرنا ناانصافی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے ضلع کچہری پر حملے کے واقعے کے بعد آئی جی اسلام آباد سکندر حیات سمیت ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کو بھی تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جب کہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد اور عہدے کا اضافی چارج نیشنل کوآرڈی نیٹر نیکٹا کو دے دیا گیا تھا جب کہ عہدوں پر باقاعدہ تقرریاں آئندہ ہفتے کردی جائیں گی۔
Load Next Story