ویمنز ہاکی، واپڈا اور ریلوے نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 29 مارچ 2014
ویمنز ہاکی :سندھ وائٹس اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیموں کے درمیان مقابلے کا ایک منظر ۔ فوٹو : اے پی پی

ویمنز ہاکی :سندھ وائٹس اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیموں کے درمیان مقابلے کا ایک منظر ۔ فوٹو : اے پی پی

کراچی: دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا نے پنجاب کلرز کو3-1اور پاکستان ریلوے نے بلوچستان کو 14-0سے مات دیکر28ویں قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔

ایچ ای سی نے سندھ وائٹس کو2-0سے مات دی۔ پی ایچ ایف کے زیر اہتمام اور سندھ ویمنز ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں جمعے کو مزید 3 میچزکا فیصلہ ہوا، دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈانے پنجاب کلرز کو 3-1 سے قابو کیا، نازیہ رحمت نے کھیل کے26 ویں منٹ میں گول داغ کر ٹیم کو سبقت دلادی،45 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر نازیہ رحمت نے دوسرا گول کردیا، 3 منٹ بعد سدرہ ایوب نے گیند کو جال میں پہنچاکرخسارہ کم کیا، 58 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر آمنہ میر نے گول بناکر مقابلہ 3-1کردیا، یہ حتمی اسکور ثابت ہوا۔

دوسرے میچ میں پاکستان ریلوے نے گولزکی بارش جاری رکھتے ہوئے بلوچستان کو 14-0سے ہرایا، شکریہ رشید نے 5 مرتبہ گیندکو جال کی راہ دکھائی،حنا کنول اور نمرا عبدالخالق نے 4، 4جبکہ اقصیٰ ممتاز نے ایک گول بنایا، تیسرے میچ میں ایچ ای سی نے میزبان سندھ وائٹس کو2-0 سے زیر کیا، بشریٰ نازیہ نے23 اور اسما اشرف نے46 ویں منٹ میں گول اسکورکیا، تیسرے دن کے اختتام پر واپڈا کی ٹیم3 میچز میں9 اور ریلوے6 پوائنٹس لے کر فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، ہفتے کو آرام کا دن ہے جبکہ اتوار کومزید 3 میچز شیڈول ہیں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔