ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20 سری لنکا کو پچھاڑ کرانگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

انگلینڈ نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی،بنگلہ دیشی ٹیم کی مسلسل تیسری ناکامی، بھارت نے مقابلہ 74 رنز سے جیت لیا

،انگلش خواتین نے ہدف 16اوورز میں 3وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، سارہ ٹیلرنے 36رنز اسکورکیے۔ فوٹو:فائل

ویمنز ورلڈ ٹی 20 سے انگلینڈ نے سری لنکا کو 7 وکٹ سے مات دیکر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا، ویسٹ انڈین ٹیم پہلے ہی گروپ 'بی ' سے فائنل فورمیں جگہ بناچکی ہے، بھارت نے بنگلہ دیش کو مسلسل تیسری ناکامی سے دوچار کردیا۔


تفصیلات کے مطابق ویمنز ورلڈ ٹی 20میں اتوار کو انگلینڈ نے سری لنکا کو 7وکٹ سے مات دیکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، لواسکورنگ مقابلے میں ناکام سائیڈ 9 وکٹ پر 85رنز جوڑپائی، ششی کلاسری وردنے کی آل رائونڈ پرفارمنس رائیگاں چلی گئی، انھوں نے 38رنز بنانے کے بعد 2 پلیئرز کو بھی آئوٹ کیا، اینیا شربھوسلے نے 3 جبکہ ریبیکا اور جینی گن نے 2،2 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے،انگلش خواتین نے ہدف 16اوورز میں 3وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، سارہ ٹیلرنے 36رنز اسکورکیے،اس کامیابی کے بعد انگلش ٹیم گروپ 'بی ' سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی، ٹیم نے چار میچز میں تین فتوحات کی بدولت چھ پوائنٹس حاصل کیے، ویسٹ انڈین اپنے ابتدائی تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے پہلے ہی فائنل فور کا ٹکٹ کٹواچکی ہے۔

گروپ کے دوسرے مقابلے میںبھارت نے بنگلہ دیش کو 79رنز سے ہرادیا، فاتح ٹیم نے 5 وکٹ پر 151رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، اوپنر ہرمنپریت کور اور متھالی راج نے ٹیم کو 107 کا مضبوط آغاز فراہم کیا، متھالی 38 گیندوں پر 41رنز بناکر پویلین واپس ہوئیں، ہرمنپریت نے 59 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 77 کی اننگز کھیلی، پونم رائوت 13رنز بناکر نمایاں رہیں، رومانہ احمد نے 33رنز دیکر2 وکٹوں کا سودا کیا،میزبان ٹیم 8 وکٹ پر 72رنز ہی اسکور کرپائی۔
Load Next Story