ایک ہی ایونٹ میں 7 مرتبہ فتح سرینا ولیمز دنیا کی تیسری پلیئر بن گئیں

ورلڈ نمبرون پلیئر نے ہفتے کی شب ویمنز سنگلز فائنل میں چینی حریف لینا کو 7-5 اور6-1 سے مات دی


AFP/Sports Desk March 31, 2014
ہم وطن نیوراٹلووا اور جرمن پلیئر اسٹیفی گراف نے بھی یہ کارنامہ انجام دے رکھا ہے۔ فوٹو:رائٹرز

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کسی بھی ایک ایونٹ کو 7 یا اس سے زائد مرتبہ جیتنے والی تیسری خاتون پلیئر بن گئیں۔

انھوں نے یہ کارنامہ میامی اوپن میں ریکارڈ 7 ویں مرتبہ چیمپئن بننے پر انجام دیا، ورلڈ نمبرون پلیئر نے ہفتے کی شب ویمنز سنگلز فائنل میں چینی حریف لینا کو 7-5 اور6-1 سے مات دی،ان سے قبل سابق امریکی پلیئر مارٹینا نیوراٹلووا اور جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف بھی اس فہرست میں موجود ہیں، مجموعی طور پر یہ ان کے کیریئر کا 59 واں ٹائٹل بنا، جس میں 17 گرینڈ سلم ٹرافیاں بھی شامل ہیں، رواں سیزن میں امریکی سپراسٹار کی یہ دوسری ٹائٹل کامیابی ہے، وہ اس سے قبل جنوری میں برسبین ایونٹ بھی جیت چکی ہیں، سرینا نے کہا کہ میں میامی میں ٹائٹل جیتنے پر بہت زیادہ پرجوش ہوں، انھوں نے اس ایونٹ میں پہلی مرتبہ 16 برس کی عمر میں حصہ لیا تھا، سرینا نے مزید کہا کہ میں میامی ایونٹ میں اپنے بچپن سے آتی رہی ہوں، میں نے یہاں پر کئی عظیم پلیئرز کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، ان میں سے کئی کھلاڑیوں سے میں بہت متاثر رہی ہوں۔

اتوار کو سرینا اپنے فرنچ کوچ اور ٹرافی کے ہمراہ مقامی ساحل پرخصوصی تصاویر بنوانے کیلیے بھی گئیں، اس موقع پر مداحوں کو انھوں نے آٹوگراف بھی دیے، لینا کی سرینا سے باہمی 12ویں مقابلے میں یہ 11ویں ناکامی رہی، انھوں نے پہلے سیٹ میں سرینا کیخلاف بھرپور مزاحمت پیش کی لیکن دوسرے سیٹ میں بازی تقریباً یکطرفہ رہی اور چینی پلیئر اس میں صرف ایک گیم ہی جیت پائیں، رواں برس سیزن کا پہلا گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن اپنے نام کرنے والی چینی پلیئر لینا کی یہ سرینا کے ہاتھوں مسلسل 10ویں ناکامی ہے، انھوں نے ان کیخلاف اولین فتح 2008 میں حاصل کی تھی۔