کراچی:
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پلاٹ کی قیمت وصول کیے جانے کے باوجود زمین نہ دینے کے معاملے پر متاثرہ خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا۔
سینئر سول جج غربی کی عدالت میں متاثرہ خاتون نے اپنے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے ذریعے ایک کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد رقم واپسی کا دعویٰ دائر کردیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منصوبے کے فیز ون میں 120 گز کا پلاٹ بک کرایا تھا۔
وکیل کے مطابق اپریل 2024 تک پلاٹ کی مجموعی رقم 36 لاکھ روپے قسطوں میں ادا کی گئی تھی۔ ترقیاتی اور دستاویزی چارجز کی مد میں ساڑھے 7 لاکھ روپے الگ سے ادا کیے گئے تھے، تاہم تمام رقم کی ادائیگی کے باوجود زمین کا قبضہ نہیں دیا گیا۔ رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا تو بلڈرز اینڈ ڈویلپرز نے چیک دے دیے، جو باؤنس ہوگئے۔
عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق جو بھی چیک خاتون کو دیتے ہیں وہ باؤنس ہو جاتے ہیں جبکہ زمین بھی نہیں دی گئی ہے۔ پلاٹ کی مد میں ادا کیے گئے ساڑھے 43 لاکھ روپے واپسی کا حکم دیا جائے۔ ذہنی اذیت، نقصان اور معاوضے کی مد میں ایک کروڑ روپے بھی دینے کا حکم دیا جائے۔